سری لنکن سیریز قومی کرکٹرز کا اعتماد بحال کرے گی : رمیز راجہ

وقت آگیا کہ پاکستانی کھلاڑی دفاعی سوچ سے نکل کر بے خوف کرکٹ کھیلیں:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 24 ستمبر 2019 13:13

سری لنکن سیریز قومی کرکٹرز کا اعتماد بحال کرے گی : رمیز راجہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24ستمبر2019ء) سابق قومی کپتان اور دور حاضر کے صف اول کے کمنٹیٹر رمیز راجہ نے کہا ہے کہ سری لنکاکے خلاف سیریز قومی کھلاڑیوں کے اعتماد کی بحالی کیلئے انتہائی ضروری تھی جو اپنے ملک میں حریف کا سامنا کر کے خود میں بہتری لائیں گے۔رمیز راجہ کے مطابق یہی وقت ہے کہ قومی ٹیم دفاعی سوچ سے باہر نکل کر نڈر انداز سے بے خوف کرکٹ کھیلے اور پاکستانی بیٹسمین مختصر فارمیٹ کے میچوں میں مختلف شاٹس اور ورائٹی کا استعمال کرتے ہوئے اپنی اہلیت میں اضافہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم اس وقت تک بہترین نہیں بن سکتی جب تک اس کے کھلاڑی مختلف سوچ کے ساتھ جارحانہ کرکٹ نہیں کھیلیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کی پاکستان آنے والی ٹیم اوسط درجے کی ہے لہٰذا قومی کرکٹرز کو اس کا دبا ﺅلینے کی ضرورت نہیں حالانکہ قومی سکواڈ میں انڈر 23 اور انڈر 19میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی بھی شامل کرنا چاہئے تھے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستان کی سکیورٹی پر آئی سی سی کا اعتماد بھی بڑھنے لگا ہے، آئی سی سی نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے لیے آسٹریلیا کے ڈیوڈ بون کو میچ ریفری مقرر کردیا۔آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل مائیکل گف، جول ولسن اور علیم ڈار امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔رپورٹ کے مطابق آئی سی سی انٹرنیشنل پینل میں شامل احسن رضا، شوزیب رضا اور آصف یعقوب بھی سیریز میں ذمہ داریاں نبھائیں گے۔