ریاض: پاکستانی عمرہ زائرین کے لیے بُری خبر آ گئی

سعودی حکومت نے عمرہ ویزہ فیس میں5 گنا اضافہ کر دیا پاکستانیوں کو عمرہ کی ویزہ فیس 33 ہزار 600 روپے ادا کرنا ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 24 ستمبر 2019 13:21

ریاض: پاکستانی عمرہ زائرین کے لیے بُری خبر آ گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،24 ستمبر 2019) ہر سال لاکھوں مسلمان عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب کا رُخ کرتے ہیں۔ ہر سال عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں میں پاکستانی سرفہرست ہوتے ہیں۔ گزشتہ عمرہ سیزن کے دوران بھی 16 لاکھ سے زائد پاکستانیوں نے عمرہ کیا۔رواں عمرہ سیزن کے دوران بھی لاکھوں پاکستانی عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کی آس لگائے بیٹھے ہیں۔

تاہم سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ کے خواہش مندوں کے لیے بُری خبر سُنا دی گئی ہے۔ ایک سعودی اخبار کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودی مملکت میں عمرہ ویزہ فیس میں 5 گُنا اضافہ کر دیا ہے۔ ماضی میں پاکستانیوں کو عمرہ فیس کی مد میں صرف 6700 روپے ادا کرنا ہوتے تھے، تاہم اب 5 گُنا اضافے کے بعد اُنہیں عمرہ کی ویزہ فیس 33 ہزار 600 روپے ادا کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

جس کے باعث اب پاکستانیوں کو عمرہ پیکیج پہلے کے مقابلے میں 25 ہزار روپے سے زائد مہنگا پڑے گا۔واضح رہے کہ سعودی سرکاری گزٹ اُم القریٰ میں درج تفصیلات کے مطابق سنگل انٹری ویزے پر 300 ریال فیس وصول کی جائے گی، اس ویزے پر آنے والا سعودی عرب میں ایک ماہ تک قیام کر سکتا ہے۔ چاہے یہ سنگل انٹری ویزہ، عمرہ، سیاحت، کاروبار یا عزیز و اقارب سے ملاقات کسی بھی مقصد کے لیے لیے گیا ہو۔

ملٹی پل ویزہ کی فیس بھی 300ریال ہے تاہم اس میں ایک بار قیام کی مُدت 3 ماہ ہو گی اور اسے ایک سال میں کئی بار استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس ویزے کے اجراء کے بعد اسے تین ماہ تک استعمال کیا جا سکتا ہے۔ حج ویزے کی فیس 300 ریال ہے، یہ ویزہ صرف حج سیزن کے لیے ہی کارآمد ہو گا۔ جبکہ فضائی، بحری یازمینی راستے سے سعودی عرب کے ٹرانزٹ ویزے کی فیس بھی 300 ریال مقرر کی گئی۔ اس ٹرانزٹ ویزے کی صورت میں سعودی سرزمین پر 96 گھنٹے یعنی چار روز تک قیام کیا جا سکتا ہے۔