Live Updates

ڈیڈ لائن ختم ہو گئی لیکن ہمارے مطالبات پورے نہیں کیے گئے

حکومت ہمارے مطالبات پر ٹھوس اقدامات نہیں لیتی تو ہم بھی بطور سیاسی پارٹی اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہیں۔ اختر مینگل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 25 ستمبر 2019 13:23

ڈیڈ لائن ختم ہو گئی لیکن ہمارے مطالبات پورے نہیں کیے گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر 2019ء) : بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل نے ایک مرتبہ پھر سے وفاقی حکومت سے اختلافات کا اظہار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کو دئے گئے انٹرویو میں بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے قائد اختر مینگل نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ہمارے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے ان میں زیادہ تر پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت کو پانچ ہزار لاپتہ افراد کی فہرست دی جن میں سے صرف چار سو کو بازیاب کرایا گیا جبکہ مزید لوگوں کو غائب کر دیا گیا ہے۔ لاپتہ افراد کی بازیابی کا سلسلہ اب بند ہو گیا ہے جبکہ مزید لوگوں کو غائب کیا جا رہا ہے جس سے بلوچستان میں بے چینی پھیلتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بلوچستان کے مسائل پر حکومتی پیش رفت پر مطمئن نہیں ہوں ابھی تک صرف ان پر غور کیا گیا ہے لیکن ابھی بھی 95 فیصد مسائل ویسے ہی ہیں۔

(جاری ہے)

اختر مینگل کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے لاپتہ افراد کی بازیابی کے علاوہ ہمارے دیگر پانچ مطالبات بھی پورے نہیں کئے گئے اور اس حوالے سے متعین کی گئی ڈیڈ لائن اب ختم ہو چکی ہے۔ اختر مینگل نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ اب اگر حکومت ہمارے مطالبات پر ٹھوس اقدامات نہیں لیتی تو ہم بھی بطور سیاسی پارٹی اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ اختر مینگل حکومت کا ساتھ چھوڑنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔ اختر مینگل نے کہا تھا کہ ہو سکتا ہے آنے والے دنوں میں حکومت کے ساتھ نہ رہیں ، اپوزیشن ہماری شرائط مان لے تو حزب اختلاف میں‌ شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ میرے مطالبات کی حمایت کے لیے معاہدہ کیا جائے، حکومت نے ہمارے مطالبات پر کوئی پیش رفت نہیں دکھائی، اگر اب اپوزیشن ہماری شرائط مان لیں تو اپوزیشن میں آنے کو تیار ہیں۔

جس کے بعد حکومت نے اختر مینگل کے تمام تحفظات دور کیے تھے اور انہیں مسائل کے حل اور مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کروائی تھی جس کے بعد اختر مینگل نے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد ہی حکومتی اتحادی جماعت بی این پی مینگل کی جانب سے حکومت کو کافی ٹف ٹائم دیا گیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات