Live Updates

تمام جماعتیں جماعتی سیاست سے بالاتر ہو کر پاکستان کے بارے میں سوچیں‘چودھری شجاعت حسین

عمران خان نے کشمیریوں کا سفیر بن کر مودی کو بے نقاب کر دیا، عوام حکومت اور پاک فوج کا بھرپور ساتھ دیں‘ چودھری پرویزالٰہی نئی نسل اپنی جڑیں کاٹنے والوں کو پہچانے، چودھری ظہورالٰہی شہید کی ہر برسی پر اپنا احتساب کریں گے‘سپیکر اور دیگر رہنمائوں کا بڑے اجتماع سے خطاب

بدھ 25 ستمبر 2019 19:44

تمام جماعتیں جماعتی سیاست سے بالاتر ہو کر پاکستان کے بارے میں سوچیں‘چودھری ..
لاہور/گجرات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے چودھری ظہورالٰہی شہید کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں جماعتی سیاست سے بالاتر ہو کر پاکستان کے بارے میں سوچیں، ملک کو اس وقت انتشار کی نہیں اتحاد و اتفاق کی اشد ضرورت ہے جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے ظہورالٰہی ہائوس گجرات میں بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چودھری ظہورالٰہی نے کبھی عوامی خدمت اور اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، ہمیشہ عام آدمی غریب آدمی کے حق کی بات کی، کبھی ظالم کا ساتھ نہیں دیا، آج ان کی تیسری نسل سیاست میں عوام کی خدمت کر رہی ہے اور ہم اپنے شہید بزرگ کے عوامی خدمت کے مشن پر عمل کرتے ہوئے عمران خان کا ساتھ دے رہے ہیں جو نیک نیتی سے پاکستان اور پاکستانیوں کی حالت بدلنا چاہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کا سفیر بن کر عالمی سطح پر ظالم و جابر نریندر مودی کو بے نقاب کر دیا ہے، آج ملکی حالات اور خطہ کی صورتحال کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی حکومت اور مسلح افواج کا بھرپور ساتھ دیں۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ چودھری منظور الٰہی مرحوم اور چودھری ظہورالٰہی شہید نے جو پودا لگایا تھا آج تن آور درخت بن چکا ہے، میرے اور شیخ رشید کے خلاف جن افراد کے قتل کے جھوٹے پرچے درج کروائے گئے آج ان کی نسل ہمارے ساتھ بیٹھی ہے، جھوٹے پرچے درج کروانے والوں کو ہم نے معاف کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ 170 ایسے فلاحی ادارے بنائے جو آج بھی عوام کی خدمت کر رہے ہیں جیسے 1122، یونیورسٹی آف گجرات، چائلڈ پروٹیکشن بیورو اس کی مثال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ چودھری ظہورالٰہی شہید کی ہر برسی میرے لیے بجٹ ہو گی، اور ہم اپنا احتساب کریں گے کہ کون سا کام غلط ہوا اور کون سا ٹھیک، یہی میں اپنی نئی نسل کو بھی کہتا ہوں کہ کون آپ سے اپنا مفاد حاصل کر رہاہے اور اس کو پہچانیں جو نئی نسل کی جڑیں کاٹ رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی 10 سال حکومت رہی اس کے باوجود آج بھی میں جس افسر کو فون کرتا ہوں وہ مجھے نہ نہیں کرتا کیونکہ ہم نے ہمیشہ دوسروں کو عزت دی، یہی وجہ ہے کہ چودھری شجاعت حسین کی صحت کیلئے ان کے مخالفین نے بھی دعائیں کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم سب اس عظیم شخصیت کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یہاں جمع ہیں جنہوں نے پوری زندگی عام اور غریب آدمی کے مسائل و مشکلات حل کرنے میں گزار دی، اپنے سیاسی نظریات پر سمجھوتہ نہ کرنے پر جب انہیں جیل میں ڈالا گیا تو سلاخوں کے پیچھے بھی ان کا دوسروں کی مدد اور خدمت کا یہ جذبہ کم نہ ہوا اور وہ وہاں بھی مجبور اور بے نوا قیدیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں رہے اور کتنے ہی نادار قیدیوں کے جرمانے اپنی جیب سے ادا کر کے انہیں رہا کرایا، عوامی خدمت کا جو سفر چودھری ظہورالٰہی شہید نے شروع کیا تھا ان کے خاندان کا ہر فرد پورے یقین اور صدق دل سے اس کو آگے بڑھانے کیلئے کوششیں کر رہا ہے، ہم نے پنجاب میں اپنی وزارت اعلیٰ کے دوران ہر شعبہ زندگی میں ترقی و خوشحالی کے جو بے مثال اقدامات کئے تھے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نہ صرف ان کی بحالی بلکہ ان کو آگے بڑھانے کیلئے بھی کوشاں ہیں، آج ہمارا سارا خاندان یہاں موجود ہے اور آپ کے سامنے سرخرو کھڑا ہے جس کیلئے ہم جہاں اللہ کریم کا دل کی گہرائیوں سے شکر ادا کرتے ہیں وہاں آپ سب باالخصوص اہل گجرات کی محبتوں اور مہربانیوں کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان سے وعدہ کرتے ہیں کہ آپ ہر مشکل وقت میں جس طرح ہمارے ساتھ کھڑے رہے انشاء اللہ ہم ہر حالت میں آپ کا ساتھ دیں گے خواہ اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں، عوام کی خدمت ہمارا نصب العین اور ہمارے بزرگوں کا دیا ہوا وہ سبق ہے جسے ہم کبھی نہیں بھول سکتے، ہماری پوری خواہش اور کوشش ہے کہ ہم چودھری ظہورالٰہی شہید کی قائم کردہ مثالوں پر نہ صرف عمل کریں بلکہ انہیں آگے بڑھائیں، ہر ایک کے کام آئیں، اسلام، پاکستان اور عوام کی خدمت کریں، آج مودی کی قیادت میں آر ایس ایس کی سرکار بھارتی مسلمانوں باالخصوص کشمیریوں پرجو مظالم اور زیادتیاں کر رہی ہے وہ بے شمار اور بے مثال ہیں، کسی کی عزت، جان اور مال محفوظ نہیں، میں سلام کرتا ہوں اپنی ان کشمیری بہنوں، بیٹیوں، بھائیوں اور بچوں کو جو 52 دن کے کرفیو کے باوجود ثابت قدم ہیں اور بھارتی فوج کا کوئی بھی ظلم و ستم ان کے جذبہ اور جوش کو کم نہیں کر سکتا۔

انہیں جب بھی موقع ملتا ہے وہ پاکستانی پرچم اوڑھ کر سینوں پر گولیاں کھانے کیلئے باہر نکل آتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت جس طرح کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے ہماری جماعت ان کا بھرپور ساتھ دے رہی ہے اور انشاء اللہ وہ دن دورنہیں جب مظلوم کشمیریوں کو بھارتی چنگل سے نجات مل جائے گی اور وہاں پر قابض بھارتی فوج کو بھاگنے کی راہ نہیں ملے گی۔

کیونکہ بھارت وہاں جتنا ظلم کرے گا کشمیریوں کی جدوجہد اتنی ہی قوت پکڑے گی، عالمی برادری باالخصوص اسلامی ملکوں کو چاہئے کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے پاکستان کا کھل کر ساتھ دیں، عمران خان نے کشمیریوں کا سفیر ہونے کا وعدہ پورا کیا ہے، اپوزیشن انتشا ر کی سیاست کی بجائے کشمیر ایشو پر حکومت کا ساتھ دے، آزادی مارچ کی کوئی ضرورت نہیں، کشمیر یوں کیلئے مارچ کئے جائیں، اپوزیشن کشمیریوں کیلئے آواز بلند کرے حکومت بھی ان کا ساتھ دے گی، امید ہے اپوزیشن کسی منفی سیاسی سرگرمی سے گریز کرے گی، آج ملک کی معیشت ہو یا خارجہ محاذ، ہرفورم پر حکومت نیک نیتی سے جدوجہدکررہی ہے، عوام کو عمران خان اوراتحادیوں کی حکومت پر مکمل اعتماد ہے، عوام جانتے ہیں کہ حکومت ڈلیور کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

اس موقع پر سینیٹر کامل علی آغا، چودھری شفاعت حسین، چودھری شافع حسین اور چودھری حسین الٰہی ایم این اے نے بھی خطاب کیا اور چودھری ظہورالٰہی شہید کے مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ کسی ظالم کا ساتھ نہیں دیں گے جبکہ سٹیج پر چودھری سلیم بریار، موسیٰ الٰہی، چودھری اعجاز وڑائچ، ڈاکٹر زین بھٹی، سعادت نواز اجنالہ، میاں ہارون مسعود، چودھری نعیم رضا، خواجہ وقار، عرفان احسان، چودھری اصغر گھرال، قاری اعجاز اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

شہر اور پنڈال میں چودھری ظہورالٰہی شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے بینر آویزاں تھے جن پر چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی، مونس الٰہی، شافع حسین، موسیٰ الٰہی کی تصاویر نمایاں تھیں۔ برسی میں سیاسی و بلدیاتی نمائندوں اور دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور چودھری شجاعت حسین کی صحت یابی کو خوش آئند قرار دیا گیا۔ برسی میں آنے والی شخصیات کا سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے خصوصی شکریہ ادا کیا اور زلزلہ متاثرین کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی گئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات