زلزلے سے متاثرہ اکثر علاقوں کے حوالے سے سرکاری اداروں کے جاری کردہ اعداد و شمار درست نہیں ہیں: حامد میر کے استفسار پر کمشنر میرپور نے اعتراف کر لیا

میر پور کے گردونواح میں زلزلے سے متاثرہ اکثر علاقوں کے راستے بند ہیں سرکاری اداروں کے جاری کردہ اعداد و شمار درست نہیں ہیں: سینئیر صحافی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 25 ستمبر 2019 21:59

زلزلے سے متاثرہ اکثر علاقوں کے حوالے سے سرکاری اداروں کے جاری کردہ ..
میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 ستمبر2019ء) سینئیر صحافی حامد میر کے استفسار پر کمشنر میرپور نے اعتراف کر لیا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ اکثر علاقوں کے حوالے سے سرکاری اداروں کے جاری کردہ اعداد و شمار درست نہیں ہیں۔ حامد میر نے اپنے ٹویٹر پیغام میں انکشاف کیا ہے کہ میر پور کے گردونواح میں زلزلے سے متاثرہ اکثر علاقوں کے راستے بند ہیں سرکاری اداروں کے جاری کردہ اعداد و شمار درست نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’’میر پور کے گردونواح میں زلزلے سے متاثرہ اکثر علاقوں کے راستے بند ہیں سرکاری اداروں کے جاری کردہ اعدادوشمار درست نہیں میں نے وزیراعظم آزاد کشمیر کی موجودگی میں کمیشنر میرپور کے مؤقف سے اختلاف کیا اور انہوں نے مہربانی کرتے ہوئے میری گذارش سے اتفاق کر لیا ہے‘‘۔

(جاری ہے)

دوسری جانب جنرل قمر جاوید باجوہ نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ سول انتظامیہ کے ساتھ تعاون کر کے جلد از جلد متاثرہ آبادی کو بحال کیا جائے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بتایا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف نے آزاد جموں اور کشمیر کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں اور جٹلان کینال روڈ پر ہونے والے نقصان کی مرمت کی جاری کوششوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ’سول انتظامیہ کو مکمل مدد فراہم کرنے اور متاثرہ آبادی کی بہترین ممکنہ دیکھ بھال کے ساتھ معمولات کو بحال کیا جائے۔

دوسری جانب میرپور آزاد کشمیر میں گذشتہ روز آنے والا زلزلہ اور وہاں ہونے والے نقصانات کے پیش نظر تمام تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت آزاد کشمیر نے میرپور زلزلہ کے باعث آج ضلع میرپور کے تمام سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کیا ۔ آزاد کشمیر کے علاقہ میر پور میں تعلیمی ادارے دو روز کے لیے بند رہیں گے۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق تعلیمی اداروں میں چھٹی کا فیصلہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے بعد آنے والے آفٹر شاکس کے باعث کیا گیا ۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز آزادکشمیر اور پنجاب کے اکثر علاقوں میں آنے والے زلزلے سے 33 افراد جاں بحق اور 600 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے ۔