مودی کوایوارڈ کیوں دیا بل گیٹس فاؤنڈیشن کی اہم رکن مستعفی

یواے ای اور سعودی عرب سمیت گیٹس فاؤنڈیشن بھی دنیا بھر کے عوام کی تنقید کی زد میں آ گئی

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 26 ستمبر 2019 05:46

مودی کوایوارڈ کیوں دیا بل گیٹس فاؤنڈیشن کی اہم رکن مستعفی
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 ستمبر2019ء)   ہر ملک کو اپنے مفاد سے مطلب ہوتا ہے اور ملکوں کے سربراہوں کو اپنی سیاست سے۔عوام کیا چاہتی ہے اور ان کے مطالبات کیا ہیں بسااوقات یہ بھی عالمی گیم کے نتیجے میں پسِ پش ڈال دیا جاتا ہے۔اس کی واضح مثال کشمیر کی موجودہ صورت حال ہے کہ جسے امریکی عوام اورمیڈیا بھی بھارت کی دہشت گردی قرار دے رہا ہے مگر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس کی پرواہ نہیں اور وہ مودی کے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر گھوم رہا ہے۔

یہی نہیں بلکہ مسلم ممالک نے بھی عالمی دہشت گرد مودی کو ایوارڈز اور انعام و اکرام سے نوازا ہے جس پر دنیا بھر میں لعن طعن کی جا رہی ہے۔دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس کی فاؤمڈیشن نے بھی مودی کو انعام سے نواز ہے۔اس حوالے سے بل گیٹس پر بھی خوب تنقید کی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ اس ایوارڈ کی مخالفت کرتے ہوئے گیٹس فاؤنڈیشن کی ایک عہدیدار مستعفی ہو گئی ہیں۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کوایوارڈ دیے جانے کیخلاف بل گیٹس فاؤنڈیشن کی اہم رکن مستعفی ہوگئیں۔اس سے قبل بھارتی وزیراعظم کو ایوارڈ دینے کے خلاف ہالی وڈ کے دو اداکاروں رِز احمد اور جمیلہ جمیل نے بھی ایوارڈ کی تقریب میں شرکت سے انکار کر دیا تھا۔گیٹس فاؤنڈیشن کی کشمیر سے تعلق رکھنے والی کمیونیکیشن اسپیشلسٹ صبا حامد نے احتجاجاً ملازمت سے استعفیٰ دیا۔

صبا حامد کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن اور پابندیوں سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، مودی حکومت کے اقلیتوں سے روا بدترین سلوک کے باوجود مودی کو ایوارڈ دیے جانے پر بے حد افسوس ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی وزیراعظم مودی کو گیٹس فاؤنڈیشن کا سالانہ ’گول کیپر‘ ایوارڈ دیا گیا تھا۔بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھارت میں حفظان صحت کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرنے پر ایوارڈ سے نوازنے کا فیصلہ کیا تھا۔خیال رہے کہ کچھ دن قبل متحدہ عرب امارات اور بحرین نے بھی مودی کو سول ایوارڈز سے نوازا تھا جس پر خاصی تنقید کی گئی تھی۔