Live Updates

قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی شدید علیل، صحتیابی کیلئے دعاوں کی اپیل کر دی گئی

جمعرات 26 ستمبر 2019 22:15

قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی شدید علیل، صحتیابی کیلئے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 ستمبر2019ء) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی گذشتہ کئی ہفتوں سے سانس اور معدہ کے عارضہ میں مبتلا ہونے کی وجہ سے شدید علیل ہیں۔ان کی رہائش گاہ پر عیادت کیلئے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روزجامعہ ستاریہ اسلامیہ کے مدیرو نائب امیر جماعت غربائ اہلحدیث مولانا محمد سلفی اور متحدہ علمائ محاذ کے چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی نے جامعہ ستاریہ اسلامیہ کے سیکریٹری حکیم سید مطیع الرحمان المکی اور بین المدارس اسپورٹس کمیٹی کے سیکریٹری حافظ اکرام اللہ کے ہمراہ عصمت صدیقی کی عیادت کی۔

اس موقع پر مولانا محمد سلفی نے ڈاکٹر عافیہ کی جلد رہائی اور ان کی والدہ کی صحتیابی کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور ان کی والدہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی ذات سے امید رکھیں ان شائ اللہ قوم کی بیٹی عافیہ بخیریت و عافیت اپنے وطن ضرور واپس آئے گی۔ ہم وزیراعظم عمران خان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنا وعدہ پورا کریں اور ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لانے میں مزید تاخیر نہ کریں۔

متحدہ علمائ محاذ کے چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی سے پاکستانی اور کشمیری عوام کا مورال بلند ہوگا اور کشمیر کے معاملہ میں حکمرانوں کی سنجیدگی کا مثبت پیغام جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اپنے شہریوں کی حفاظت ریاست کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ اب ہمیں ریمنڈڈیوس اور کرنل جوزف کی مثالیں دیتے ہوئے شرم آتی ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے مولانا محمد سلفی، علامہ عبدالخالق فریدی اور دیگر مہمانوں کا ان کی والدہ کی عیادت اور ڈاکٹرعافیہ کی رہائی کیلئے خصوصی دعاکا اہتمام کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات