کشمیر کی آزادی کو یقینی بناکر ہی کشمیر بنے گاپاکستان کے خواب کی تعبیر مکمل ہوسکتی ہے،سینیٹر سراج الحق

جمعہ 27 ستمبر 2019 20:48

کشمیر کی آزادی کو یقینی بناکر ہی کشمیر بنے گاپاکستان کے خواب کی تعبیر ..
مری ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 ستمبر2019ء) کشمیر کی آزادی ہمارا واحدمقصد ہے،کشمیر کی آزادی کو یقینی بناکر ہی کشمیر بنے گاپاکستان کے خواب کی تعبیر مکمل ہوسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے جھیگاگلی بازار میں مری کے عوام کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کی آمد پر شرکاء نے فلک شگاف نعرے لگاکران کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

سراج الحق ایک بڑی ریلی کے ساتھ مظفر آباد آزادکشمیر میں یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرنے کیلئے جارہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مری کے غیور عوام سے خطاب میرے لئے ایک اعزاز ہے۔ انہوںنے اہلیان مری کا شاندار استقبال کرنے پر انکا شکریہ بھی ادا کیا۔

(جاری ہے)

مری میں استقبال کے انتظامات امیر جماعت اسلامی این اے 57 عتیق احمدعباسی،امیر تحصیل مری غلام احمد عباسی،جنرل سیکرٹری تحصیل مری ساجد عباسی ،مسعود احمد بٹ امیر جماعت اسلامی مری شہر،سابق ناظم دریاگلی عابدعباسی،امیر گھوڑا گلی حافظ شکیل عباسی،جے ٹی آئی یوتھ ونگ تحصیل مری کے صدر نقاش عباسی،سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی تحصیل مری عبدالعلیم عباسی،ضلع کوہسار جے ٹی آئی کے صدر محمودالرحمان عباسی،سابق وائس چیئرمین ورہنما ء جماعت اسلامی مری اکرام عباسی،تحصیل بھر کی یونین کونسلوں کے عہدیداران اور کارکنوں ،طلباء ونگ ،یوتھ ونگ کے نوجوانوں نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔

جماعت اسلامی سے اظہار یکجہتی کیلئے پی پی پی تحصیل مری کے صدر محمدنذیر عباسی ایڈووکیٹ،ناصر عباسی ایڈووکیٹ ،قاسم حبیب عباسی ایڈووکیٹ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سینیٹر سراج الحق نے بھی کشمیر بنے کا پاکستان کے نعرے لگائے جبکہ جھیکاگلی سارادن کشمیر کے حوالے سے ملی نغموں سے گونجتارہا۔ بعد ازاں یہ بڑی ریلی مظفر آباد آزادکشمیر کیلئے روانہ ہوگئی۔