Live Updates

دنیا پر سحر طاری کر دینے والی وزیراعظم کی تقریر کس نے لکھی؟

وزیراعظم عمران خان پاکستان سے جو تقریر لے کر گئے اسے وہاں پاکستانی مشن میں موجود ایک ہونہار نوجوان ذوالقرنین نے ترمیم کر کے دوبارہ تیار کیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 28 ستمبر 2019 11:13

دنیا پر سحر طاری کر دینے والی وزیراعظم کی تقریر کس نے لکھی؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 ستمبر2019ء) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں عمران خان کی تقریر کو تمام مبصرین اور سابق سفارتکار ایک بہترین نمونہ قرار دے رہے ہیں۔میڈیا رپورٹس میں اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے سابق سیکرٹری شمشاد احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی تقریر غیر روایتی اور سفارتی حلقوں کی سوچ سمجھ سے باہر تھی۔کیونکہ اقوام متحدہ میں ہمیشہ روایتی انداز میں تقریر کی جاتی ہے۔

تمام ممالک کے سفیر توقع کر رہے تھے کہ عمران خان مسئلہ کشمیر سے اپنی تقریر شروع کریں گے لیکن وزیراعظم پاکستان نے بہت خوبصورتی کے ساتھ تمام مسائل کو اجاگر کیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بھی عمران خان کی تقریر کو کافی پذیرائی مل رہی ہے۔اور اسے کشمریوں کی صحیح ترجمانی قرار دیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

تمام تعریفوں کے ساتھ ایک سوال بھی گردش کر رہا ہے کہ اتنی سحر انگیز تقریر کس نے لکھی۔

عام حالات میں ہر سال پرانی تقریر کی موجودہ صورتحال کے مطابق ترمیم کر کے پڑھ دیا جاتا ہے لیکن اس بار حالات عام نہیں تھے۔عمران خان پاکستان سے جو تقریر لے کر گئے اسے وہاں پاکستانی مشن میں موجود ایک ہونہار نوجوان ذوالقرنین نے ترمیم کر کے دوبارہ تیار کیا۔ذوالقرنین نے نہ صرف پاکستان کے لیے خدمات انجام دیتے ہیں بلکہ اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کو بھی تقریریں لکھ کر دیتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی تقریر کے دوران شرکاء نے کئی بار تالیاں بجائیں۔وزیراعظم عمران خان نے اپنی تقریر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو خصوصی طور پر اجاگر کیا۔ عمران خان کی تقریر کے دوران ہال میں موجود مسلمان رہنما آبدیدہ ہو گئے۔وزیراعظم عمران خان کو اب مسلم امہ کا لیڈر قرار دیا جا رہا ہے۔اس بات میں کوئی شک نہیں کہ وزیراعظم عمران خان کی گذشتہ روز اقوام متحدہ میں کی گئی تقریر ایک تاریخی تقریر تھی جو آنے والے وقتوں تک یاد رکھی رکھی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات