Live Updates

مولانا محمد حنیف کی شہادت امن پسند جماعت کے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش ہی:حافظ حسین احمد

بعض قوتیں جے یو آئی کو پرامن اور جمہوری جدوجہد سے روکنا چاہتی ہیں لیکن ہماری پرامن جمہوری جدوجہد جاری رہے گی عمران نیازی کو پاکستان کی بیٹی عافیہ صدیقی جوکہ امریکہ کی قید میں ہے کے ذکر کی بھی توفیق نہیں ہوئی،مرکزی ترجمان جے یوآئی کی وفود سے گفتگو

اتوار 29 ستمبر 2019 16:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2019ء) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ جمعیت کے مرکزی رہنما مولانا محمد حنیف کی شہادت جے یو آئی جیسی امن پسند جماعت کے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس سے جے یو آئی کو پرامن اور جمہوری جدوجہد سے روکنا ہے، عمران خان نیازی نے جنرل اسمبلی میں دہشت گردی کے خاتمے کا دعویٰ کیا جبکہ جو جب اور جہاں چاہتے ہیں اپنا وار کرجاتے ہیں۔

وہ اتوار کو جامعہ مطلع العلوم میں مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خصوصاً بلوچستان میں ہر دہشت گردی کے سانحہ کو افغانستان سے جوڑنے کا سلسلہ جاری ہے چمن سانحہ کے حوالے سے بھی وزیر داخلہ نے وہی رٹے رٹائے بیان کو دھرایا حالانکہ کئی دن سے افغان باڈر وہاں کے انتخابات کی وجہ سے بند ہے اگر پاکستان میں دہشت گرد پہلے سے موجود تھے تو ان کی نشاندہی اور پکڑنے کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہی انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی مولانا فضل الرحمن سمیت جمعیت علماء اسلام کے قائدین پر خودکش حملے کئے گئے مگر آج تک نہ کسی مجرم کو پکڑا گیا اور نہ کسی کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا ، انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ بعض قوتیں جمعیت علماء اسلام کے آزادی مارچ کے پروگرام کو ثبوتاژ کرنا چاہتی ہے لیکن ہم اس قسم کی گیدڑ بھبکیوں سے مرعوب نہیں ہونگے ۔

(جاری ہے)

حافظ حسین احمد نے کہا کہ عمران نیازی نے جنرل اسمبلی میں ملکی دولت لوٹنے والے اشرافیہ کا ذکر کیا کاش وہ یہ بھی بتاتے کہ ان اشرافیہ سے کتنے ان کی اپنی کابینہ کی زینت بنے ہوئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کو پاکستان کی بیٹی عافیہ صدیقی جوکہ امریکہ کی قید میں ہے کے ذکر کی بھی توفیق نہیں ہوئی، انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی میں عمران نیازی کی تقریر نے اس لیے جارحانہ انداز اپنایا کیوں کہ عمران نیازی نے اسلام کا ’’مذہبی کارڈ‘‘ استعمال کرتے ہوئے اسلام کے متعلق مغرب کے گمراہ کن پروپیگنڈا کو نشانہ بنایا جبکہ پاکستان میں عمران نیازی ان کے رفقاء اور پارٹی کے مردوزون ’’مذہبی کارڈ‘‘ کو استعمال کرنے والوں کے خلاف زمین و آسمان کی قلابے ملاتے نہیں تھکتے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات