Live Updates

’’وزیراعظم کو بتانا چاہتی ہوں کہ پاکستان میں بچے، جوان اور بوڑھے سب لوگ بہت خوش ہیں‘‘

جیسے آپ نے کشمیر کے مسلمانوں کو آزاد کروانے کی بات کی، انشاء اللہ آپ کی کوششیں کامیاب ہوں گی، تھیک یو عمران خان: ننھی بچی کا وزیراعظم کے نام ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر وائرل

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 29 ستمبر 2019 16:51

’’وزیراعظم کو بتانا چاہتی ہوں کہ پاکستان میں بچے، جوان اور بوڑھے سب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 ستمبر2019ء) ’’وزیراعظم کو بتانا چاہتی ہوں کہ پاکستان میں بچے، جوان اور بوڑھے سب لوگ بہت خوش ہیں‘‘۔ ایک ننھی بچی کا وزیراعظم کے نام ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا جس میں بچی نے وزیراعظم عمران خان کے نام پیغام میں کہا کہ جیسے آپ نے کشمیر کے مسلمانوں کو آزاد کروانے کی بات کی، انشاء اللہ آپ کی کوششیں کامیاب ہوں گی، تھیک یو عمران خان۔

ننھی بچی کے جذبات دیکھ کر تمام پاکستانیوں کو وزیراعظم عمران خان پر فخر ہوا کہ وہ چھوٹوں، بڑوں سب کے لیڈر ہیں۔ 
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے 74ویں جنرل اسمبلی اجلاس سے تاریخی خطاب کے دوران کہا کہ مسلمان لا اله الا الله، مسلمان ایک اللہ پر ایمان رکھتے ہیں، مسلمان اپنے دفاع اور آزادی کیلئے آخری سانس تک لڑیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے سوال کیا کہ کیا مسلمان کم تر مخلوق ہیں جو دنیا کو ان پر ہونے والے مظالم نظر نہیں آتے؟ وزیر اعظم عمران خان نے مسلمانوں پر مظالم کے حوالے سے خطاب میں کہا کہ دہشت گردی کو اسلام سے جوڑا جاتا ہے اور پوری دنیا خاموش رہتی ہے، اگر لاکھوں یہودی اس طرح محصور ہوں تو کیا ہوگا؟ روہنگیا میں مسلمانوں کا قتل عام ہوا، دنیا نے کیا رد عمل دیا؟ اگرخونریزی ہوئی تو مسلمانوں میں انتہا پسندی اسلام کی وجہ سے نہیں بلکہ انصاف نہ ملنے کی وجہ سے ہوگی۔

انہوں نے دنیا کو ایک ایک بار پھر خبردار کیا کہ اگر عالمی برادری نے مداخلت نہیں کی تو دو جوہری ملک آمنے سامنے ہوں گے، اس صورتحال میں اقوام متحدہ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اگر پاکستان اور بھارت میں روایتی جنگ ہوتی ہے تو کچھ بھی ہوسکتاہے، یہ وقت اقوام متحدہ کی آزمائش کا ہے،کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوایا جائے۔ وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں بھارت سے مطالبہ کیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے 50 روز سے زائد جاری کرفیو اٹھائے، کیا اقوام متحدہ ایک ارب 20 کروڑ لوگوں کو خوش کرے گا یا عالمی انصاف کو مقدم رکھے گا؟ عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ فرض کریں کہ ایک ملک اپنے پڑوسی سے سات گنا چھوٹا ہے، اسے دو آپشنز دیے جاتے ہیں، یا تو وہ سرنڈر کردے یا پھر اپنی آزادی کیلئے آخری سانس تک لڑے، ایسے میں ہم کیا کریں گے؟ میں خود سے یہ سوال پوچھتا ہوں، اور میرا یقین ہے کہ لا اله الا الله ہم لڑیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ افرادکو جانوروں کی طرح بند کیا ہوا ہے، یہ نہیں سوچا گیا کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھے گا تو کیا ہوگا۔ دنیا نے حالات جان کر بھی کچھ نہیں کیا کیونکہ بھارت ایک ارب سے زیادہ کی منڈی ہے۔ وزیراعظم نے خبردار کیا کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھنے پر خونریزی ہوگی۔ دنیا نے سوچا کہ مقبوضہ کشمیر میں خونریزی کا کشمیریوں پر کیا اثر ہوگا۔

ماضی میں لاکھوں کشمیری آزادی کی تحریک میں جان دے چکےہیں، مقبوضہ وادی میں 11ہزار خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایاگیا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی حامی سیاسی قیادت کو بھی قید کررکھاہے۔ بھارتی حکومت نے 13 ہزار کشمیری نوجوانوں کو مختلف جیلوں میں قید کررکھاہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خون خرابےکے بعد ایک اورپلواما ہوسکتا ہے اور بھارت ہم پرالزام لگائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب ایٹمی طاقت کا حامل ملک آخری حد تک جنگ لڑتا ہے اس کے اثرات صرف اس کی سرحد تک محدود نہیں رہتے، دنیا بھر میں ہوتے ہیں، میں پھر کہتا ہوں کہ یہی وجہ ہے کہ میں آج یہاں کھڑا ہوں، میں دنیا کو خبردار کررہا ہوں، یہ دھمکی نہیں، لمحہ فکریہ ہے۔ بھارت کو تمام قید کشمیریوں کو رہا کرنا ہوگا اور بھارت کو کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا پڑے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات