پی ایس ایل کی نئی14رکنی گورننگ کونسل کا پہلا اجلاس (آج) کراچی میں ہو گا

اتوار 29 ستمبر 2019 19:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2019ء) پی ایس ایل کی نئی14رکنی گورننگ کونسل کا پہلا اجلاس (آج)پیر کو کراچی میں ہو گا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے پی ایس ایل کی 14رکنی نئی گورننگ کونسل کو حتمی شکل دیدی، اس میں چیئرمین احسان مانی، چیف ایگزیکٹیو وسیم خان، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، چیف فنانشل آفیسر بدر منظور خان، ڈائریکٹر کمرشل بابر حمید، سینئر جنرل منیجر لیگل سلمان نصیر، ہیڈ آف پلیئرز ایکویزیشن اینڈ مینجمنٹ پی ایس ایل عمران احمد خان اور سینئر جنرل منیجرکرکٹ آپریشنز پی ایس ایل عثمان واہلہ شامل ہیں۔

فرنچائزاونرز بھی گورننگ کونسل کا حصہ ہیں، اسلام آباد یونائٹیڈ کے علی نقوی ممبراورمتبادل نمائندے شعیب نوید ہونگے، کراچی کنگز کے سلمان اقبال ممبر اور متبادل نمائندے طارق وصی ہیں، لاہور قلندرز کے نمائندے ثمین رانا اور متبادل عاطف رانا ہوں گے، ملتان سلطانز کے نمائندے عالمگیر خان ترین اور متبادل تیمور ملک ہیں، پشاور زلمی کے نمائندے جاوید آفریدی اور متبادل نمائندے نوشیرواں آفندی ہوں گے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نمائندے ندیم عمر اور متبادل نمائندے نبیل ہاشمی ہیں۔

(جاری ہے)

گورننگ کونسل کا اجلاس پیر کو کراچی کی مقامی ہوٹل میں ہوگا، ابتدا میں دوپہر 2بجے کا وقت طے کیا گیا تھا تاہم پاک سری لنکا سیریز کا دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل اتوار سے پیر کو منتقل ہونے کی وجہ سے اب صبح 10بجے آغاز ہوگا، میٹنگ میں فرنچائز اونرز اپنی شکایات سے بورڈ حکام کو آگاہ کرینگے۔سب سے بڑا مسئلہ تاحال رواں سال منعقدہ لیگ کے سینٹرل پول سے حصہ نہ ملنے کا ہے، اسی طرح بورڈ چاہتا ہے کہ فرنچائزز فوری طور پر بینک گارنٹی جمع کرائیں، کئی دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔