صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی پاک سری لنکا میچ دیکھنے سٹیڈیم پہنچ گئے

یہاں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں اور امید ہے کہ دیگر ممالک کی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی: ڈاکٹر عارف علوی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 30 ستمبر 2019 18:30

صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی پاک سری لنکا میچ دیکھنے سٹیڈیم پہنچ گئے
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30ستمبر 2019ء) کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کا ون ڈے میچ جاری ہے۔ صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی پاک سری لنکا میچ دیکھنے سٹیڈیم پہنچ گئے ہیں۔ صدرِ پاکستان نے کہا ہے کہ یہاں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں اور امید ہے کہ دیگر ممالک کی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔ صدرِ مملکت نے سری لنکن ٹیم کا پاکستان آنے پر شکریہ ادا کیا اور کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی بھی ڈاکٹر عارف علوی کے ساتھ میچ دیکھ رہے ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایک روزہ تین میچوں پر مشتمل سریز کا دوسرا مقابلہ آج کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے۔ سیریز کا پہلا میچ بارش کے سبب منسوخ ہوگیا تھا اور موسم کی خرابی کے سبب مقابلوں کا شیڈول بھی تبدیل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں 10سال بعد کرکٹ کے بین الاقوامی مقابلے ہو رہے ہیں جن کے لیے سیکیورٹی کے بھی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے ٹاپ آرڈر بلے باز بابر اعظم نے کیلنڈ ایئر میں کم ترین اننگز کھیل کر 1000 رنز پورے کرنے کا 32سال پراناپاکستانی ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ 24سالہ بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف نیشنل سٹیڈیم ،کراچی میں کھیلے جارہے دوسرے ون ڈے کے دوران کیلنڈر ایئر میں اپنی19ویں اننگز میں 1000ون ڈے رنز مکمل کیے اور لیجنڈری بلے باز جاوید میانداد کا32سال پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا،بابر اعظم اب تک رواں سال2سنچریاں اور7نصف سنچریاں شامل ہیں، جاوید میانداد نے1987ءمیں اپنی21ویں اننگز میں1000رنز مکمل کیے تھے ، اس فہرست میں تیسرے نمبر پرموجود سابق کپتان محمد یوسف نے2002ءمیں 23ویں اننگز میں 1000رنز مکمل کیے تھے، قومی ٹیم کے موجود ہ ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے2013ءمیں 23اننگز کھیل کر ہی ایک ہزار رنز مکمل کیے تھے، قومی ٹیم کے سابق اوپنر سعید انور نے1996ءمیں 25اننگز کھیل کر یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا ،سابق کپتان عامر سہیل نے1994ءمیں27اننگز کھیل کر 1000رنز مکمل کیے،سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد نے1996ء، سابق قومی کپتان انضمام الحق نے1999ءاور محمد یوسف نے2003ءمیں 27،27اننگز کھیل کر ہی کیلنڈر ایئر میں1000رنز مکمل کیے تھے ۔