مکی آرتھر کا ستارہ گردش میں،سپر لیگ میں کوچنگ برقرار رکھنا مشکل

سابق پاکستانی کوچ کی جگہ ڈین جونز کو کراچی کنگز کا کوچ بنائے جانیکا امکان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 1 اکتوبر 2019 16:52

مکی آرتھر کا ستارہ گردش میں،سپر لیگ میں کوچنگ برقرار رکھنا مشکل
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اکتوبر 2019ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے محروم ہونے والے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کی کوچنگ سے بھی محروم ہونا پڑسکتا ہے۔ ساڑھے تین سال پاکستان کرکٹ میں طاقتور ہیڈ کوچ رہنے والے مکی آرتھر کا ستارہ ایک دم سے گردش میں آگیا ہے۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر کو کراچی کنگز کی انتظامیہ مزید ذمے داریاں دینے کے موڈ میں نہیں اورآسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ بیٹسمین ڈین جونز کے ساتھ مذاکرات کررہی ہے۔

ڈین جونز چار سال تک اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ رہے ان کی کوچنگ میں اسلام آباد نے دو ٹائٹل بھی جیتے البتہ اسلام آباد یونائیٹڈنے پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کے ساتھ اس حیثیت سے معاہدہ کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈین جونز کو مینٹور بنانے کی پیشکش کی گئی تھی لیکن وہ کوچنگ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس لئے انہوں نے کراچی سے مذاکرات شروع کردیئے ہیں۔

مصباح الحق کے ہیڈکوچ بننے کے بعد سب سے دلچسپ صورتحال پاکستانی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کیلئے ہے۔وقار یونس ڈائریکٹر تھے ان کو بھی اسلام آباد کی جانب سے ایک اور اسائنمنٹ ملنا دکھائی دے رہا ہے۔ دوسری جانب لاہور قلندرز ایک بار پھر عاقب جاوید پر انحصار کررہی ہے۔ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ بدستور معین خان ہوں گے۔