دُبئی میں مقیم پاکستانی نوجوان کا ناقابل یقین کارنامہ

بھاری جسامت والے حفیظ اللہ خٹک نے صرف 10 ماہ میں 43 کلوگرام وزن کم کر کے سب کو حیران کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 1 اکتوبر 2019 17:46

دُبئی میں مقیم پاکستانی نوجوان کا ناقابل یقین کارنامہ
دُبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم اکتوبر2019ء ) بھاری جسامت والے افراد کے لیے اپنا وزن کم کرنا ہمیشہ سے ایک مسئلہ اور چیلنج رہا ہے۔ بہت کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جو وزن کم کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں، کیونکہ اس کے لیے بہت زیادہ برداشت، کھانے پر قابو اور مستقل مزاجی کی ضرورت ہوتی ہے۔ تاہم دُبئی میں مقیم پاکستانی نوجوان حفیظ اللہ نے صرف دس ماہ کے عرصے میں اپنا 43 کلو گرام وزن گھٹا کر سب کو حیران پریشان کر دیا ہے۔

پشاور سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ حفیظ اللہ خٹک کا وزن آج سے دس ماہ پہلے 127 کلوگرام تھا، مگر اس نے ایک بار اپنا بھاری جسم سمارٹ بنانے کی ٹھان لی تو اس وقت تک چین سے نہ بیٹھا جب تک اس نے اپنی اس خواہش کو پُورا نہ کر دکھایا۔ اب اس کا وزن صرف 84 کلوگرام رہ گیا ہے، مگر ابھی اس کی اسمارٹنس کی منزل اس کے نزدیک آئی نہیں۔

(جاری ہے)

وہ اگلے تین ماہ کے عرصے میں مزید 10 کلو گرام وزن کم کرنا چاہتا ہے۔

حفیظ اللہ خٹک دُبئی میں ہیلتھ اینڈ سیفٹی انجینئر کے طور پر ملازمت کر رہا ہے۔ مقامی اخبار سے بات کرتے ہوئے حفیظ اللہ نے بتایا کہ وہ اپنا وزن 43 کلوگرام کے ناقابل یقین ہندسے تک کم کرنے پر بہت زیادہ خوش ہے اور خود کو ماضی کی نسبت بہت زیادہ تندرست اور چاق و چوبند محسوس کرتا ہے۔ یہ سب کچھ ایک ناقابل یقین کام لگتا ہے۔ حفیظ اللہ کہتا ہے کہ اسے اس کام کے لیے اس کے چھوٹے بھائی احتشام الحق نے حوصلہ دیا، جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔

حفیظ اللہ نے بتایا کہ جب وہ پچھلے سال پاکستان گیا تو اس کا چھوٹا بھائی اس کے بے پناہ موٹاپے کے باعث اس کی قابلِ رحم حالت دیکھ کر پریشان ہو گیا۔ کیونکہ بھاری وزن کے باعث اسے چلنے پھرنے میں بھی دُشواری ہوتی تھی۔ جس کے بعد اس نے مجھے وزن گھٹانے کی ترغیب دی۔اس نے مجھے کہا کہ میں اپنی غذائی عادات بدل کر ہلکی پھلکی غذائیں کھانا شروع کروں۔ شروع میں تو یہ سب کچھ بہت مشکل سا لگتا تھا۔ مگر مجھے اپنے مقصد میں کامیابی حاصل ہو ہی گئی۔ جب پہلے ماہ ہی میرا وزن 9 کلو گرام گھٹ گیا تو میرا یقین بڑھ گیا۔ خٹک 2014ء میں دُبئی آیا تھا جس کے بعد اس کا وزن 115 سے بڑھ کر 127 کلوگرام ہو گیا تھا۔