مقبوضہ کشمیر بھارت کے لیے ویت نام بن جائے گا، مارکنڈے کاٹجو

منگل 1 اکتوبر 2019 21:43

نئی دہلی ۔ یکم اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2019ء) بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے وہاں بڑے پیمانے پرگوریلاجنگ کے بیج بودیے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جسٹس کاٹجو نے جو پریس کونسل آف انڈیا کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں، بین الاقوامی جریدے ’’دی ویک ‘‘میں ایک مضمون میں لکھا ہے کہ کشمیر بہت جلد بھارت کے لیے ایسی ہی جگہ بن جائے گا جیساویت نام فرانسیسیوں اور امریکیوں کے لیے ، افغانستان روسیوں کے لیے اور اسپین نپولین کے لیے بن گیا تھا۔

انہوں نے آزادی کے لیے کشمیریوں کے عزم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک فوج دوسری فوج کے خلاف تو لڑ سکتی ہے لیکن عوام کے ساتھ نہیں لڑ سکتی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ چیتا ایک ہرن کو تو مارسکتا ہے لیکن مچھروں کے غول کو نہیں۔ نئی دہلی میںبھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کے بنیادی حقوق کی پامالیوں پر کوئی واضح ہدایات جاری کرنے کے بجائے کہا ہے کہ افراد کی ذاتی آزادی اور قومی سلامتی کے حوالے سے خدشات میں توازن پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بات آج جسٹس این وی رمانا، جسٹس آر سبھاش ریڈی اور جسٹس بی آر گوائی پر مشتمل تین رکنی بینچ نے مقبوضہ کشمیر میں ذرائع ابلاغ پر پابندیوں اور مواصلاتی ذرائع کی معطلی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران کہی۔ یہ درخواست کشمیرٹائمز کی ایڈیٹر انورادھا بھسین نے دائر کی تھی۔ دریں اثنائ امریکی کانگریس کی خاتون رکن Alexandria Ocasio-Cortezنے ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ذرائع مواصلات کی بندش اور زندگی بچانے والی طبی سہولیات کی معطلی کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ Ocasio-Cortezنے جو امریکی ارکان کانگریس کے اس ترقی پسند گروپ میں شامل ہے جو The Squadکے نام سے معروف ہے،کہاکہ ہم کشمیریوں کے بنیادی انسانی وقار کے ساتھ کھڑے ہیں اور جمہوریت، برابری اور کمزور طبقوں سمیت تمام لوگوں کے انسانی حقوق کی حمایت کرتے ہیں۔