مریم نواز کی درخواست ضمانت پر لاہور ہائیکورٹ نے نیب سے جواب طلب کرلیا

نیب کو 14 اکتوبر کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے تحریری جواب طلب کر لیا گیا، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سماعت کرے گا

muhammad ali محمد علی منگل 1 اکتوبر 2019 20:11

مریم نواز کی درخواست ضمانت پر لاہور ہائیکورٹ نے نیب سے جواب طلب کرلیا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم اکتوبر2019ء) مریم نواز کی درخواست ضمانت پر لاہور ہائیکورٹ نے نیب سے جواب طلب کرلیا، نیب کو 14 اکتوبر کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے تحریری جواب طلب کر لیا گیا، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ سماعت کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز لاہور ہائیکورٹ میں مریم نواز کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی درخواست ضمانت پر نیب کو 14 اکتوبر کے لیے نوٹس جاری کر دیئے اور تحریری جواب طلب کر لیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالتی استفسار پر مریم نواز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مریم نواز کو 8 اگست کو گرفتار کیا گیا جبکہ اب عدالت سے انہیں رہا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ مریم نواز کی درخواست میں علی جہانگیر صدیقی کے کیس کے دستاویزات کیوں لگائے گئے ہیں۔ اس پر مریم نواز کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ علی جہانگیر صدیق کیس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایس ای سی پی کے ریفرنس کے بغیر نیب کارروائی نہیں کر سکتا۔ مریم نواز کے وکیل نے دلائل دیئے کہ درخواست گزار ملک کے تین بار منتخب ہونے والے وزیراعظم کی صاحبزادی ہے۔

مریم نواز کا خاندان سیاسی تاریخ کا حامل ہے۔ جبکہ مریم نواز نے پانامہ لیکس کیس میں تمام جائیدادیں اور اثاثے ڈکلیئر کر رکھے ہیں۔ اس لیے نیب کو انہیں رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔ مریم نواز کے وکیل کی درخواست پر اعلیٰ عدالت نے نیب سے جواب مانگنے کا فیصلہ کیا۔ عدالت نے نیب کو اس حوالے سے 14 اکتوبر تک جواب جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔