بابر اعظم تھوڑی زیادہ محنت کرکے مزید اچھے بیٹسمین بن سکتے ہیں:رمیز راجہ

بابراپنی بلے بازی کی صلاحیتوں میں مزید نکھار لائیں اور سٹرائیک ریٹ 120 سے 130 تک لےکر جائیں:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 1 اکتوبر 2019 20:18

بابر اعظم تھوڑی زیادہ محنت کرکے مزید اچھے بیٹسمین بن سکتے ہیں:رمیز ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اکتوبر 2019ء) کرکٹر سے کمنٹیٹر بننے والے سابق پاکستانی کھلاڑی رمیز راجہ نے اپنی تازہ ترین یوٹیوب ویڈیو میں کہا ہے کہ بابر اعظم اچھے بلے باز ہیں اور انکا سٹرائیک ریٹ 100 سے زیادہ ہے تاہم وہ تھوڑی زیادہ محنت کرکے مزید اچھے بیٹسمین بن سکتے ہیں۔ رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم میں وہ صلاحیت ہے کہ وہ مزید اچھے بیٹسمین بن سکتے ہیں انہوں نے بابر اعظم کو چیلنج کیا ہے کہ وہ اپنی بلے بازی کی صلاحیتوں میں مزید نکھار لائیں اور اپنا سٹرائیک ریٹ 120 سے 130 تک لےکر جائیں۔

نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے پاکستان اور سری لنکا کے دوسرے ون ڈے میں بابر اعظم نے 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ تاہم رمیز راجہ انہیں اس سے زیادہ اچھے بیٹسمین کے طور پر دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔

(جاری ہے)

رمیز راجہ نے پاکستان اور سری لنکا کے دوسرے ون ڈے میں 5 وکٹیں لینے والے عثمان شنواری کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اتنی مردہ پچ پر 5 وکٹیں لینا آسان نہیں تھا، عثمان شنواری نے 5 وکٹیں لے کر ثابت کیا ہے کہ وہ باصلاحیت بالر ہیں، انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں اپنے پہلے سپیل میں پٹنے کے بعد عثمان شنواری اپنا اعتماد کھوبیٹھے تھے جس کے بعد ان کا فوکس بھی کہیں گم ہوگیا اور وہ الٹی سیدھی گیندیں کرانے لگے مگر سری لنکا کے ساتھ مقابلے میں ایسا نہیں تھا کراچی کی مردہ پچ پر عثمان شنواری نے بہترین بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں لیں اور اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔