قومی احتساب بیورو نے دس انکوائریاں بند کر دیں

احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ نے شواہد کی عدم موجوگی اور دیگر قانونی وجوہات کی بنا پر دس انکوائریاں بند کردیں

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 1 اکتوبر 2019 20:58

قومی احتساب بیورو نے دس انکوائریاں بند کر دیں
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔01اکتوبر2019ء) قومی احتساب بیورو نے دس انکوائریاں بند کر دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ نے شواہد کی عدم موجوگی اور دیگر قانونی وجوہات کی بنا پر دس انکوائریاں بند کردی ہیں۔ آج چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پراسیکیوٹرجنرل آپریشنز اور پراسیکیوشن حکام شریک ہوئے۔

ذرائعر کے مطابق عارف علی شاہ بخاری کےخلاف تحقیقات، سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ، وائس چانسلر فیڈرل اردو یونیورسٹی آف آرٹس،صائمہ بلڈرز صائمہ گروپ، شعبہ ریونیو ضلع کراچی کے افسران اور کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر امیرزادہ خان کوہاٹی کے خلاف انکوائریز بند کردی گئی ہیں۔ نیب نے سلطان علی لاکھانی اورمیسرز شان گروپ و دیگر کا معاملہ بینک کے ساتھ باہمی معاہدہ ہوجانے کی وجہ سے قانون کے مطابق نمٹا دیا ہے۔

(جاری ہے)

واپڈا واٹرونگ اسلام آباد کے افسران، ایکسائیڈ بیٹریزکے مالکان، محکمہ آبپاشی راجن پور اور نشان انجینئرنگ کے افسران واہلکاروں کے خلاف انکوائریوں کی منظوری دے دی ہے۔ اجلاس میں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان اورورکرز ویلفیئربورڈ خیبرپختونخوا کے افسران واہلکاروں کےخلاف انوسٹی گیشن مزید قانونی کارروائی کےلیے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو بھجوائی گئی ہے۔

اجلاس میں راجہ محمد ذرات خان آف میسرز بھاون شاہ گروپ آف کمپنیز کےخلاف 15 مختلف انوسٹی گیشن مزید کارروائی کےلیے ایف بی آر کو بھجوانے کا فیصلہ بھی ہوا۔ پندرہ مقدمات کی انکوائری اور 18 کی تحقیقات جاری ہیں جب کہ 22 ماہ میں 600 مقدمات دائر کیے گئے ہیں۔ نیب نے 71 ارب کی لوٹی ہوئی رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائی۔ قومی احتساب بیورو نے ایوب فیضانی ڈی ڈی لینڈ، سابق افسر ایم ڈی آئی اے سردار ناصر عباس، سردارلال خان اور محکمہ ریونیوچوبارہ لیہ کے اہلکاروں کےخلاف بھی عدم شواہد کی بنیاد پرقانون کے مطابق انکوائریریاں بند کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔