پنجاب حکومت کا اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ رواں ماہ میں مکمل کر لینے کا اعلان

سی پیک میں شامل منصوبے کا صرف 2 فیصد کام باقی، رواں ماہ کے آخر تک مکمل کرنے کے بعد ٹرین کو آپریشنل کر دیا جائے گا

muhammad ali محمد علی بدھ 2 اکتوبر 2019 00:40

پنجاب حکومت کا اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ رواں ماہ میں مکمل کر لینے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 اکتوبر2019ء) پنجاب حکومت کا اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ رواں ماہ میں مکمل کر لینے کا اعلان، سی پیک میں شامل منصوبے کا صرف 2 فیصد کام باقی، رواں ماہ کے آخر تک مکمل کرنے کے بعد ٹرین کو آپریشنل کر دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب حکومت کے وزیر میاں اسلام اقبال نے اعلان کیا ہے کہ رواں ماہ میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا۔

میاں اسلام اقبال نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی حکومت کو منصوبے پر کافی اعتراضات ہیں، تاہم چونکہ یہ منصوبہ سی پیک کا حصہ ہے، اس لیے حکومت اسے جلد سے جلد مکمل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا اب صرف 2 فیصد کام باقی ہے جو رواں ماہ کے اندر ہی مکمل کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد منصوبے کیلئے سبسڈی کا تعین کرنے کے بعد اسے آپریشنل کر دیا جائے گا۔

اس سے قبل وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے بھی اعلان کیا تھا کہ لاہور اورنج لائن میٹرو منصوبہ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ نجی ٹی وی چینل کے شو کو دیے گئے خصوصی انٹریو میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور ہر صورت اس منصوبے کو رواں برس کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ سپریم کورٹ نے بھی اورنج لائن منصوبہ جلد سے جل مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

گزشتہ ماہ ہونے والی سماعت کے دوران سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے بتایا تھا کہ منصوبے پراب تک 169 بلین روپے خرچ ہوچکے ہیں اورمزید اخراجات بھی ہوں گے۔ سماعت کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹرنے استدعا کی کہ میٹرو ٹرین منصوبے کی تکمیل کیلئے جنوری 2020ء تک مہلت دی جائے جس میں آزمائشی ٹرین چلانے سمیت دیگر تکنیکی امور کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ درخواست پر عدالت نے 2020ء تک مہلت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔ واضح رہے کہ یہ منصوبہ مسلم لیگ ن کی پچھلی حکومت نے شروع کیا تھا جو اکتوبر 2018 ء میں مکمل ہونا تھا۔ لیکن مقررہ مدت سے ایک سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود کام مکمل نہیں ہوسکا۔