مقبوضہ کشمیر بھارت کیلئے ویتنام اور افغانستان بن جائے گا: بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج نے اپنے ملک کو خبردار کر دیا

بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے مقبوضہ کشمیر میں گوریلا جنگ کا بیج بودیا ہے: مرکنڈے کاٹجو

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 2 اکتوبر 2019 00:45

مقبوضہ کشمیر بھارت کیلئے ویتنام اور افغانستان بن جائے گا: بھارتی سپریم ..
نئی دہیلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اکتوبر2019ء) بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج مرکنڈے کاٹجو نے اپنے ملک کو خبردار کر دیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کیلئے ویتنام اور افغانستان بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے مقبوضہ کشمیر میں گوریلا جنگ کا بیج بودیا ہے، مقبوضہ کشمیر بہت جلد بھارت کیلئے ویسا ہی علاقہ بن جائے گا جیسا ویتنام فرانس اور امریکا کیلئے بنا تھا اور افغاانستان روس کیلئے بنا تھا اور اسپین نپولین کیلئے بنا تھا۔

جسٹس ریٹائرڈ مرکنڈے کاٹجو نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کے حوالے سے مرکنڈے کاٹجو کا کہنا تھا کہ ایک فوج دوسری فوج سے لڑ سکتی ہے لیکن کوئی بھی فوج عوام سے نہیں لڑسکتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شیر ایک ہرن کو تو مار سکتا ہے لیکن شیر مچھروں کے غول کا شکار نہیں کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی 5 لاکھ سے زائد فوج موجود ہیں لیکن وہ ایسے دشمن سے کیسے لڑسکتے ہیں جو نظر ہی نہیں آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا دشمن سائے کی طرح سفر کرتا ہے، وہ کہیں بھی نہیں ہے اور ہر جگہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیر میں ایسی صورتحال پیدا کردی ہے جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر گوریلا جنگ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی تعداد اس وقت 9 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد سے وادی بھر میں کرفیو نافذ ہے، ٹیلی فون، انٹرنیٹ سروسز بند ہیں، کئی بڑے اخبارات بھی شائع نہیں ہورہے ہیں۔ ریاستی جبر و تشدد کے نتیجے میں متعدد کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جب کہ کشمیر میں حریت قیادت سمیت بھارت کے حامی رہنما محموبہ مفتی اور فاروق عبداللہ بھی نظر بند ہیں۔