الیکشن کمیشن نے قاسم سوری کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کر دی

نوٹیفکیشن جاری ڈپٹی سپیکرکو الیکشن ٹربیونل بلوچستان کے فیصلے پر ڈی نوٹیفائی کیا گیا. الیکشن کمیشن

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 2 اکتوبر 2019 12:17

الیکشن کمیشن نے قاسم سوری کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کر دی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 اکتوبر ۔2019ء) الیکشن کمیشن نے قاسم سوری کی قومی اسمبلی کی رکنیت ختم کر دی ، قاسم سوری کی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ الیکشن ٹریبونل نے کیا تھا ، وہ حلقہ این 265 کوئٹہ سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے. تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کو ڈی نوٹیفائی کردیا ہے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا قاسم خان سوری کو الیکشن ٹرائبیونل بلوچستان کے فیصلے کی روشی میں ڈی نوٹیفائی کیا گیا.

یاد رہے الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 سے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی کامیابی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا.

(جاری ہے)

این اے 265 کوئٹہ پر قاسم سوری کی انتخابی کامیابی کو بی این پی کے نوابزادہ لشکر رئیسانی نے چیلنج کیا تھا اور 2018 انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف درخواست دائر کی تھی.

لشکر رئیسانی ان 5 امیدواروں میں سے ایک تھے، جنہوں نے این اے 265 سے انتخابات میں حصہ لیا تھا لیکن انہیں قاسم سوری سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا. دوسری جانب قاسم سوری نے گزشتہ روز الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا. قاسم سوری کی جانب سے ایڈووکیٹ نعیم بخاری نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن ٹریبونل نے شواہد کا جائزہ نہیں لیا، انتخابی عمل میں بے ضابطگیاں میرے مو کل سے منسوب نہیں ہوسکتیں.

انہوں نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے. واضح رہے کہ الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس عبداللّٰہ بلوچ نے قاسم سوری کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی کے نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کی جانب سے دائر درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا. الیکشن ٹربیونل میں اس کیس کی سماعت ایک سال سے زائد عرصے تک جاری رہی جبکہ کیس میں نادرا نے ووٹوں کی بائیو میٹرک رپورٹ بھی ٹربیونل میں جمع کرائی تھی.