Live Updates

اپوزیشن کو این آر او نہیں ملے گا، احتساب کا عمل رکنے والا نہیں،

وزیراعظم نے بھارت کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا، وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 2 اکتوبر 2019 14:23

اپوزیشن کو این آر او نہیں ملے گا، احتساب کا عمل رکنے والا نہیں،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے اپوزیشن کو این آر او نہیں ملے گا اور احتساب کا عمل رکنے والا نہیں، وزیراعظم نے بھارت کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا، ماضی میں نواز شریف دورہ امریکہ کے دوران اپنے خاندان سے جہاز بھر کر لے جایا کرتے تھے، ماضی کے حکمران ملک لوٹ کر پیسہ باہر لے گئے، مولانا فضل الرحمان اسلام آباد میں اپنی کرپشن بچانے آ رہے ہیں۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوچا تھا عمران خان جب امریکہ سے واپس آئیں گے تو پارلیمنٹ میں بحث ہوگی، پاکستان نے دہشتگردی میں 70 ہزار سے زیادہ جانیں دیںاس کے باوجود دنیا ہمارے اوپر دہشتگردی کے الزامات لگاتی ہے، پاکستان میں معاشی بدحالی اور کرپشن کی وجہ سے بھی دنیا ہمیں اچھی نظر سے نہیں دیکھتی تھی۔

(جاری ہے)

مراد سعید نے کہا کہ نواز شریف اوبامہ کے سامنے بات کرتے ہوئے پرچیاں نکالتے تھے،زرداری جب امریکہ جاتے تھے تو کہتے تھے ڈرون حملے کرتے رہو، بینظیر بھٹو نے بلاول کو فیک اکائونٹس کے بارے میں انفارمیشن دی تو سی آئی اے ٹیپ کررہی تھی۔ وفاقی وزیرِ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان امریکہ گئے تو دین کا مقدمہ دنیا میں گونجتا ہے، اقوام متحدہ کے فورم پر عمران خان کشمیر کا سفیر بنتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کبھی کسی حکمران نے دنیا کو نہیں بتایا کہ توہین رسالت سے مسلمانوں کو تکلیف ہوتی ہے۔ خواجہ آصف نے ایشین سوسائیٹی کے فورم سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردوں کی پناہ گاہیں ہیں، ناموس رسالت پر تمام حکمران خاموش رہے، دہشتگردی کے شکار پاکستانیوں کی آواز دنیا تک پہنچانے کی بجائے اپنے تعلقات بناتے رہے،کشمیری مرتے رہے نواز شریف نے کبھی کشمیر پر بات نہیں کی، وفاقی وزیر نے کہا کہ سجن جندال کی آمد پر کہا گیا کہ اس سے ہمارے ذاتی تعلقات ہیں جب خودار اور غیرت مند لیڈر امریکہ گیا تو لاکھوں امریکی پاکستانیوں نے استقبال کیا۔

مراد سعید نے کہا کہ ناموس رسالت کی قانون میں ترمیم ہوئی تو ہم نے آواز بلند کی، فضل الرحمٰن تو حکومتی اتحادی تھا،آج پاکستان کو عزت مل رہی ہے،آج مسلمانوں کو سچا لیڈر مل گیا ہے جو اقوام متحدہ میں مسلمانوں کی بات کرسکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج پاکستان سے کرپشن کا بازار ختم ہو رہا ہے جنہوں نے لوٹا ان کا احتساب ہورہا ہے۔ عمران خان نے آر ایس ایس کا نظریہ پوری دنیا میں بے نقاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ فضل الرحٰمن کے معاشی حالات دن بدن خراب ہوتے جا رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات