سانحہ چونیاں کے ملزم کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

ملزم سلیم شہزاد کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 2 اکتوبر 2019 15:35

سانحہ چونیاں کے ملزم کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 اکتوبر 2019ء) : سانحہ چونیاں کے مرکزی ملزم سلیم شہزاد کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ جہاں اس کا 15روز جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اے ٹی سی نے چونیاں میں 4 بچوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کے الزام میں گرفتار ملزم کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔جس کے بعد اب ملزم 15 روز کے لیے پولیس کی تحویل میں ہو گا۔

سی ٹی ڈی پولیس ملزم کو عدالت سے لے کر روانہ ہو گئی ہے۔خیال رہے کہ سانحہ چونیاں کے مرکزی ملزم کی گرفتاری میں حساس ادارے نے اہم کردار ادا کیا۔ حساس ادارے نے ملزم سہیل کو ٹریس کرنے کے بعد پولیس کے دو ایس پی رینک کے افسروں کو ساتھ لے جا کر تین سے چار بجے کے درمیان گرفتار کیا، ملزم کا ڈی این اے ایک ہفتہ قبل کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

چونیاں میں 1200 رکشہ ڈرائیورز کا ڈی این اے کیا جانا تھا اور پہلے 600 میں یہ شامل تھا۔

صبح 9 بجے ملزم سہیل کا ڈی این اے میچ کرنے کی تصدیق ہو گئی تھی جس کے بعد اس کی گرفتاری کے لیے حساس ادارے کی ٹیم نے کام شروع کر دیا اور اس ٹیم کے ساتھ پولیس ٹیم بھی موجود تھی۔ جس وقت ڈی این اے کی تصدیق ہوئی تو پولیس اسے گرفتار کرنے کے لیے نکلی تو ٹارگٹ یہی دیا گیا کہ 12 بجے سے پہلے اس کو پکڑ لیا جائے گا، اسی بنا پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے 12 بجے پریس بریفنگ کا بھی اعلان کیا تھا لیکن اُس وقت تک ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا جس پر پریس کانفرنس شام تک ملتوی کرنا پڑی۔

با وثوق ذرائع کے مطابق جس وقت ملزم سہیل شہزاد کو گرفتار کیا گیا تو اس نے 15 منٹ بعد ہی نہ صرف اقبال جُرم کر لیا بلکہ تمام شواہد اور ثبوت بھی دے دیئے ۔ ملزم سہیل شہزاد ایک ریٹائرڈ ٹیچر کا بیٹا ہے اور یہ چار بھائی اوردو بہنیں ہیں، جو پتوکی سے چونیاں منتقل ہوئے ۔ دونوں بہنیں شادی شدہ جبکہ چاروں بھائی کنوارے ہیں۔