مقبوضہ کشمیر، جموںکی ٹاڈا عدالت نے شوکت بخشی اور جاوید میر کے غیر ضمانتی وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے

بدھ 2 اکتوبر 2019 18:51

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2019ء) مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ کی طرف سے تین دہائیاں قبل آزادی پسند رہنمائوں شوکت احمدبخشی اور جاویداحمد میر کے خلاف درج کئے گئے ایک جھوٹے مقدمے میںجموں کی ایک ٹاڈا عدالت نے آج ان کے غیر ضمانتی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ٹاڈا کورٹ کے جج سبھاش سی گپتا نے نئی دہلی میں تہاڑ جیل کے سپرانٹنڈنٹ کو بھی ہدایت کی کہ وہ جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو 23اکتوبر کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پیش کرنے کے لیے ضروری انتظامات کرے۔

عدالت نے شوکت احمد بخشی اور جاوید احمد میر کے غیر ضمانتی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے اگلی سماعت پر یاا س سے پہلے ان کے مچلکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے کہاکہ محمد یاسین ملک کو تہاڑ جیل سے پیش نہیں کیاگیاہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ درج بالا رہنمائوںکے خلاف تین دہائیاں قبل ڈاکٹر روبیہ سعید کے اغوا اوربھارتی فضائیہ کے اہلکاروں کی ہلاکت کے جھوٹے مقدمے درج کئے گئے تھے۔