Live Updates

کلاس اور اے کے ایم آئی ڈی سی ملازمین کو واجبات ،تنخواہوں ،پنشن کی عدم ادائیگی سنگین ظلم ہے خواجہ فاروق احمد

حکومت آزاد کشمیر ترجیحی بنیادوں پر اکلاس اور اے کے ایم آئی ڈی سی ملازمین کے مسائل حل کرے ، جائنٹ سیکرٹری پی ٹی آئی آزاد کشمیر

بدھ 2 اکتوبر 2019 18:51

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جائنٹ سیکرٹری خواجہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ اکلاس اور اے کے ایم آئی ڈی سی کے ملازمین کو واجبات ،تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی متاثرہ ملازمین کے ساتھ سنگین ظلم ہے ۔ حکومت آزاد کشمیر ترجیحی بنیادوں پر اکلاس اور اے کے ایم آئی ڈی سی ملازمین کے مسائل حل کرے ۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ قبل اکلاس کا محکمہ ختم کیا گیا اور ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کا اعلان کیا گیالیکن اکلاس ملازمین کو ڈیڑھ سال کے عرصہ میں واجبات ادا نہیں کئے گئے جس کے نتیجہ میں ملازمین اور ان کے گھرانے شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔ تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی کے خلاف اے کے ایم آئی ڈی سی ملازمین 6ماہ سے ہڑتال پر ہیں لیکن حکومت ان کے مسائل حل نہیں کررہی ۔

(جاری ہے)

6ماہ سے تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی کے باعث متاثرہ ملازمین کے چولہے بند ہوچکے ہیں ان کے بچوں کی تعلیم متاثر ہورہی ہے لیکن حکومتی ذمہ داران خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے مشکل دور میں اکلاس اور اے کے ایم آئی ڈی سی لازمین کے لئے جسم سے روح کا رشتہ برقرار رکھنا ناممکن ہوگیا ہے ۔ ان متاثرین کے گھروں کے چولہے بجھ چکے ہیں۔

بچوں کی تعلیم ادھوری رہ گئی ہے ۔ بیماری کے دوران ان ملازمین کے ورثاء عزیز و اقارب ایڑھیاں رگڑ رگڑ کر مرنے پر مجبور ہیں لیکن ریاست کے اندر کوئی ان کی بات سننے کو تیار نہیں۔ خواجہ فاروق احمد نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر ترجیحی بنیادوں پر اکلاس اور اے کے ایم آئی ڈی سی ملازمین کے مسائل حل کرے اور تنخواہوں کی جلد ادائیگی کے حوالے سے اقدامات اٹھائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات