احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں ملزم سعید احمد کی حاضری سے عارضی استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی

بدھ 2 اکتوبر 2019 21:46

احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2019ء) احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں ایک ملزم سعید احمد کی حاضری سے عارضی استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔ عدالت نے ملزم کے وکیل کو آئندہ سماعت پرتفتیشی افسر پر جرح کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ضمنی ریفرنس کی سماعت کی۔

اشتہاری ملزم اسحاق ڈار کے دو شریک ملزمان منصور رضا رضوی اور نعیم محمود عدالت میں پیش ہوئے جبکہ تیسرے ملزم سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد پیش نہ ہوئے اور حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ملزم کی غیر حاضری کے باعث تفتیشی افسر پر جرح نہ ہو سکی۔ عدالت نے ملزم سعید احمد کے وکیل کو آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر نادر عباس پرجرح کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔