Live Updates

وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں ناموس رسالت ؐ اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جو نکات اٹھائے اس پر پوری قوم کو فخر ہے، مولانا عبدالخبیر آزاد

بدھ 2 اکتوبر 2019 21:57

وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں ناموس رسالت ؐ اور مسئلہ کشمیر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2019ء) بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزادنے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں ناموس رسالت ؐ اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جو نکات اٹھائے اس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ’اے پی پی‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے انتہائی حساس مسئلے پر جرآت مندانہ طریقے سے اظہار خیال کرکے پوری امت مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اسلام کے بارے میں مغرب کے غلط اور باطل خیالات کی نفی کی اور اسلام کی درست اور صحیح تصویر پیش کی ۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اس وقت انتہائی مشکل دور سے گزر رہے ہیں، بھارت کی قابض اور ظالم افواج نے دوماہ سے ان کا محاصرہ کرکے ان کا عرصہ حیات تنگ کررکھا ہے، ان بدترین حالات میں محکوم کشمیریوں کو اسی طرح کی اخلاقی تائید اور حوصلے کی ضرورت تھی جس کا اظہار وزیر اعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مولانا آزاد نے کہا وزیر اعظم پاکستان نے نہ صرف کشمیری عوام کا ہر مرحلے پر ساتھ دینے کا عزم کر کے نہ صرف ان کے حوصلے اور عزم کو نئی توانائی بخشی بلکہ مودی کے چہرے سے نقاب بھی اتار دیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات