عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر و استبداد رکوانے کیلئے کردار ادا کرے، فیض نقشبندی

جمعرات 3 اکتوبر 2019 18:10

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2019ء) میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم کی آزاد کشمیرشاخ کے کنوینر سید فیض نقشبندی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی رکوانے کیلئے کردار ادا کرے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید فیض نقشبندی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں خوف ودہشت کی لہر پھیلا رکھی ہے اور بھارتی فورسز کشمیریوں کے ساتھ جانوروں جیسا برتائو کر رہی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ کشمیر یوں کو گزشتہ دو ماہ کے دوران سرینگر کی تاریخی جامع مسجد اور دیگر مرکزی مساجد میں ایک مرتبہ بھی جمعہ کی نماز ادا نہیں کرنے دی گئی ۔ انہوںنے پارٹی چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی گھر میں مسلسل غیر قانونی نظر بندی اور بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیریوں پر وحشیانہ مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ باری تعداد میں بھارتی فورسز کی تعیناتی نے کشمیریوںکی زندگیا ں اجیرن بنا دی ہیں ، ان کی معیشت تباہ ہو چکی ہے جبکہ طلباء کا مستقبل تاریک بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

سید فیض نقشبندی نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ وادی کشمیر کا محاصرہ ختم ،تمام سیاسی نظر بندوں کو رہا اور جموں وکشمیر پر اپنا غیر قانونی قبضہ ختم کرے ۔ انہوںنے اقوام متحدہ سے بھی اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اپنی پاس کر دہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اقدامات کرے۔