Live Updates

پشاور، زراعت کی ترقی کیلئے 85 ارب روپ کا جامعہ پروگرام تیار کیا گیا ہے،وزیر زراعت

جمعرات 3 اکتوبر 2019 19:53

پشاور۔03 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک محب اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں زرعی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور لائیوسٹاک اور غذائی تحفظ کے پروگراموں کو مضبوط بنانے کیلئے 85ارب روپے مالیت کا ایک جامعہ زرعی منصوبہ تیار کیا ہے۔جمعرات کے روز پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گندم چاول سمیت تمام بڑی فصلوں کی مجموعی زرعی پیداوار کو بڑھانے کے لئے اگلے چار سالوں میں 85 ارب روپے مالیت کا ایک جامع منصوبہ ‘‘انٹیگریٹڈ زرعی ترقی اور بہتری پروگرام ‘‘تیار کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ گنے اور مکئی کے علاوہ غذائی قلت ،صحرا ،زمین کی کٹوتی ،خشک سالی اور اب و ہوا سے متعلق مسائل کو بہتر طریقے سے قابو کرنے کے علاوہ سے زراعت سے متعلق مختلف شعبوں میں تاریخی پروگرام سر انجام دینے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے جس کے تحت واٹر کورس کی تعمیر ،پانی کے ضیاع کو روکنے ،سیم وتھور کی روک تھام، پولٹری فارمنگ کو مستحکم کرنا، ٹیوب ویلوں کی بحالی اور پانی کے تحفظ کیلئے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر پر توجہ دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں مجموعی لحاظ سے 75000 آبپاشی کے واٹر کورس موجود ہیں جن میں سے صرف 25000 پچھلی73 سالوں میں تعمیر کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئندہ چار سالوں میں 32 ہزار مزید واٹر کورس کی تعمیر کیلئے کمربستہ ہے۔محب اللہ خان نے بتایا کہ محکمہ زراعت کے گیارہ شعبوں میں مختلف منصوبوں کا آغاز بہت جلد کیا جائے گا جس میں گندم کے ساتھ ساتھ مکئی گنے وغیرہ کی بہتر پیداوار واٹر کورس کی تعمیر پانی کے تحفظ ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی کی فراہمی ، غربت کے خاتمہ کے لئے مرغ اور مرغیوں کی تقسیم اور دیگر کئی منصوبے شامل ہیں۔

صوبائی وزیر زراعت نے بتایا کہ پچھلے ادوار میں گیارہ ڈائریکٹوریت جنرل دفاتر نے زراعت و لائیواسٹاک اور اس کے اشتراکی محکموں پر صرف 70 بلین روپے خرچ کئے تاہم صوبے میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئندہ چار سالوں میں ان ہی شعبوں پر85 بلین روپے خرچ کرنے کاارادہ رکھتی ہے۔اور حکومت کے یہ تمام اقدامات صوبے میں زراعت ولائیوستاک کی ترقی کی کاوشوں کی عکاسی کرتے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب صوبے میں زرعی ترقی کا ایک سنہرا دور شروع ہو جائیگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات