جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کی کل لائن آف کنٹرول توڑنے کی کال

ٓچیف سیکرٹری،آئی جی آزاد کشمیر ،ڈی آئی جی سردار الیاس خان ،کمشنر مظفرآباد چوہدری امتیاز نوری کا دیگر آفیسران کے ہمراہ چناری اور لائن آف کنٹرول چکوٹھی کے درمیان جسکول آبشار کے مقام کا دورہ، حالات کا جائزہ لیا

جمعرات 3 اکتوبر 2019 22:35

جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ  کی کل لائن آف کنٹرول  توڑنے کی کال
چناری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اکتوبر2019ء) جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کی (جمعہ سی)شروع ہونے والی لائن آف کنٹرول چکوٹھی توڑنے کی کال چیف سیکرٹری آزاد کشمیر مطہر نیاز رانا ،انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر صلاح الدین ،ڈی آئی جی سردار الیاس خان ،کمشنر مظفرآباد چوہدری امتیاز نوری نے ڈپٹی کمشنر ہٹیاں بالا راجہ عمران شاہین ،ایس پی ہٹیاں بالا ارشد نقوی،اے ،سی ہٹیاں بالا عثمان صارم ،ڈی ایس پی رضاء الحسن گیلانی ،ایس ایچ او فیض الرحمن عباسی اور دیگر آفیسران کے ہمراہ چناری اور لائن آف کنٹرول چکوٹھی کے درمیان جسکول آبشار کے مقام کا دورہ کیا اور حالات کا جائزہ لیا دریں اثناء ضلعی انتظامیہ جہلم ویلی ،ہٹیاں بالا نے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر سول سوسائٹی، وکلا، انجمن تاجران، امن کیمٹی کے ممبران،میڈیا اراکین، بلدیاتی اداروں کے سربراہان، پولیس آفیسران کا اجلاس زیرصدارت ڈپٹی کمشنر راجہ عمران شاہین منعقد ہو ا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں لبریشن فرنٹ کے قافلے کے ساتھ عدم تعاون کی پالیسی پر زور دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجہ عمران شاہین اور ایس پی سید ارشد حسین نقوی نے کہا کہ قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔لبریشن فرنٹ کے ماضی کے ریکارڈ کے مطابق جلاؤ گھیرائو ان کا وطیرہ ہے لوگوں کی املاک اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے کسی کے خیر خواہ نہیں انہوں نے مزید کہا کہ ملک اس وقت جنگ کی حالت میں ہے کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی خطہ کو جنگ میں دھکیل سکتی ہے انتظامیہ کے لیے تمام سیاسی اور سماجی فلاحی تنظیمیں قابل احترام ہیں لیکن مذاکرات کو سبوتاژ کر کے ہٹ دھرمی اور قانون شکنی کرنے والوں کا ساتھ نہیں دے سکتے طاقت کا استعمال آخری آپشن ہوتا ہے جب ملکی سلامتی داؤ پر ہو تو کسی بھی آپشن کا استعمال کرنے سے دریغ نہیں کریں گئے انجمن تاجران کے صدر سید فیصل گیلانی نے کہا کہ ہم انتظامیہ کے کسی بھی فیصلہ کو آنکھیں بند کر قبول کریں گئے بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری عبدالجبار ایڈووکیٹ نے کہا قانون کا احترام سب پر لازم ہے پرامن احتجاج سب کا حق ہے پرتشدد احتجاج کی مخالفت کرتے ہیں ڈسٹرکٹ پریس کلب کے صدر محمداسلم مرزا نے کہا ہم صحافتی تقاضوں کو پورا کریں گے زبردستی کسی بھی فیصلہ کے پابند نہیں ہمارے لیے اکثریت ،اقلیت، فرقہ، قوم پرستی، پسند وناپسند کی کوئی اہمیت نہیں ہے کسی تنظیم یا جماعت کی کوریج نہ کرنا صحافتی بدیانتی ہے جس کے ہم قائل نہیں ہیں محمد فرید خان ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل نے کہا کہ جہلم ویلی کی عوام مہمان نواز ہے اور گذشتہ دو ماہ سے تمام ریلیوں جن میں وکلا ،صحافتی تنظیم، انجمن تاجران اور دیگر کا شاندار استقبال کیاہے جے کے ایل ایف کے کسی زمہ دار نے کوئی رابطہ نہیں کیا آزادی کا حصول ہم سب کا نصب العین ہے لیکن ریاستی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب نہیں ہوسکتے۔

زرائع کے مطابق ہٹیاں بالا ،چناری ،اور لائن آف کنٹرول چکوٹھی میں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے کنٹرول لائن توڑو مارچ کے دوران تعلیمی ادارے بند،موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس بھی معطل ر کھنے کا امکان ہے تاحال اس حوالہ سے انتظامیہ کے کسی بھی ذمہ دار نے تصدیق نہیں کی ہے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے اعلان کے مطابق آج جمعہ کے روز سے آزاد کشمیر بھر سے قافلے دارالحکومت مظفرآباد پہنچیں گے اور کل ہفتہ کی صبح دس بجے مظفرآباد سے چکوٹھی کی طرف روانہ قافلہ روانہ ہو گا لبریشن فرنٹ کے قافلے کو ایل او سی کی طرف جانے سے روکنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات رہے گی