قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے چوتھے راوٴنڈ کا دوسرا روز مکمل

فالو آن کا شکارسنٹرل پنجاب کے دوسری اننگز میں بھی 6 کھلاڑی آوٴٹ، ناردرن کے نوید ملک کی سنچری اور بلوچستان کے ابتسام شیخ کی 6 وکٹیں

جمعرات 3 اکتوبر 2019 20:15

قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے چوتھے راوٴنڈ کا دوسرا روز مکمل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اکتوبر2019ء) حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں جاری میچ میں میزبان ٹیم کو جیت کے لیے محض 4 وکٹیں درکار ہیں۔ 400 رنز کے پہاڑ تلے دبی سنٹرل پنجاب کی ٹیم پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار ہوچکی ہے۔ دوسرے روز کے اختتام پر دوسری اننگز میں بھی مہمان ٹیم کے 6 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے میچ کے دوسرے روز 400 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو پوری ٹیم 61.4 اوورز میں 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

خیبرپختونخوا کی جانب سے میڈیم باوٴلر احمد جمال نے 5 اور عرفان اللہ شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ فالو آن کا شکار سنٹرل پنجاب نے 247 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو32کے مجموعی اسکور پر اس کی پہلی وکٹ گرنے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی دوسرے روز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا۔

(جاری ہے)

دن کے اختتام پر 50 رنز پر مہمان ٹیم کے 6 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔

دوسری اننگز میں خیبرپختونخوا کی جانب سے اسد آفریدی اب تک 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کرچکے ہیں۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم اب بھی 197 رنز کے خسارے کا شکار ہے۔میچ کے آخری روز عرفان نیازی اور فہد خان سنٹرل پنجاب کی جانب سے کھیل کا آغاز کریں گے۔
این بی پی اسٹیڈیم کراچی میں جاری نان فرسٹ کلاس میچ کی دوسری اننگز میں بلوچستان کو ناردرن کے خلاف 93 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی ہے اور اس کی ابھی 3 وکٹیں باقی ہیں۔

پہلی اننگز میں بلوچستان کے 191 رنز کے جواب میں نوید ملک کی سنچری کی بدولت ناردرن نے 220 رنز بنائے۔اس سے قبل ناردرن کرکٹ ٹیم نے 73 رنز کے مجموعے سے میچ کے دوسرے روز کھیل کا آغاز کیا تو اوپنر نوید ملک اور مڈل آرڈر بیٹسمین سرمد بھٹی کے علاوہ کوئی بیٹسمین خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا۔ نوید ملک نیسنچری اور سرمد بھٹی نے نصف سنچری اسکور کی۔

اوپنر کی 106 رنز کی اننگز میں 8 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔آلراوٴنڈر سرمد بھٹی نے 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے51 رنز بنائے۔ ناردرن کی پوری ٹیم 220 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔ 5 کھلاڑیوں کے ڈبل فگر میں داخل نہ ہونے کے باوجود ناردرن نے پہلی اننگزکے اختتام پر بلوچستان کے خلاف 29 رنز کی برتری حاصل کرلی۔بلوچستان کی جانب سے نوجوان لیگ اسپنر ابتسام شیخ نے 6 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

ادھربلوچستان کی دوسری اننگز کا آغاز بھی کچھ زیادہ بہتر نہ تھا۔ 5 اسکور پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد سلسلہ نہ رک سکا۔ دن کے اختتام پربلوچستان نے دوسری اننگز میں 38 اوورز میں 122 رنز بنالیے ہیں اور اس کے 7 کھلاڑی آوٴٹ ہوچکے ہیں۔ بلوچستان کی جانب سے گلریز صدف 5 اور ابتسام شیخ 1 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
ڈرنگ اسٹیڈیم بہالپور میں جاری میچ کے دوسرے روز سندھ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 289 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی ہے۔

اس سے قبل غیرمتوقع بارش کے باعث میچ کیپہلیروز کھیل نہیں ہوسکا تھا۔ جس کے بعد سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلیفیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سندھ کی جانب سے رمیز راجہ جونیئر، سیف اللہ بنگش اور اشعر قریشی نے نصف سنچریوں اسکور کیں۔71 اسکور پر 4 کھلاڑی آوٴٹ ہونے کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ رمیز راجہ جونیئر 88 اور سیف اللہ بنگش 70 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئے۔

289 رنز کا مجموعہ اسکور کرنے کے باوجود سندھ کے 4 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے۔ سدرن پنجاب کے مینٹور اور تجربہ کار اسپنر ذوالفقار بابر کی سیزن میں شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار ہے۔ انہوں نے سندھ کے خلاف میچ کی پہلی اننگز میں 4 شکار کیے۔ سدرن پنجاب کی ٹیم میچ کے آخری روز اپنی پہلی اننگز کا آغاز کرے گی۔