Live Updates

حکومت کی جانب سے ملیحہ لودھی کو عہدے سے ہٹائے جانے کی وجہ بتا دی گئی

سابق مستقل مندوب کو مدت پوری ہونے پر عہدے سے ہٹایا گیا، اقوام متحدہ میں نئے مستقل مندوب کے حوالے سے پراپیگنڈا بے بنیاد ہے: ترجمان دفتر خارجہ

muhammad ali محمد علی جمعرات 3 اکتوبر 2019 20:22

حکومت کی جانب سے ملیحہ لودھی کو عہدے سے ہٹائے جانے کی وجہ بتا دی گئی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 اکتوبر2019ء) حکومت کی جانب سے ملیحہ لودھی کو عہدے سے ہٹائے جانے کی وجہ بتا دی گئی، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سابق مستقل مندوب کو مدت پوری ہونے پر عہدے سے ہٹایا گیا، اقوام متحدہ میں نئے مستقل مندوب کے حوالے سے پراپیگنڈا بے بنیاد ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے اقوام متحدہ میں پاکستان کی سابق مستقل مندوب ملیحہ لودھی کو ان کے عہدے سے ہٹائے جانے کی وجہ سے متعلق وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ ملیحہ لودھی کے عہدے کی مدت مکمل ہو چکی تھی، اسی لیے انہیں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے نئے مستقل مندوب کے حوالے سے کیے جانے والے پراپیگنڈا پر بھی ردعمل دیتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا سے واپس آتے ہی اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

وزیراعظم نے ملیحہ لودھی کی جگہ منیر اے اکرم کو اقوام متحدہ میں پاکستان کا مستقل مندوب مقرر کر دیا ہے۔ ملیحہ لودھی کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سے ان سے متعلق کئی باتیں گردش کر رہی ہیں۔ انگریزی اخبار روزنامہ مارننگ میل کے مطابق حافظ سعید کے منجمد اکاونٹس بحال کرنے کے متعلق حکومت پاکستان کا خط بھارت کو لیک کیا گیا جس کی وجہ سے وزیر اعظم کا امریکہ دورہ ناکام کرنے کی کوشش کی گئی۔

اس کے علاوہ سینئیر صحافی ہارون الرشید کا کہنا تھا کہ ملیحہ لودھی کے خلاف کافی شکایات آ رہی تھیں کہ وہ اپنے ماتحتوں کو ڈانٹ ڈپٹ بہت کرتی ہیں۔عمران خان نے کہا کہ میں نے کافی عرصہ برداشت کیا اب میں مزید نہیں کر سکتا۔ جبکہ کچھ صحافی ملیحہ لودھی پر یہ الزام بھی عائد کرتے ہیں کہ ان کے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے تعلقات ہیں۔ تاہم ترجمان دفتر خارجہ نے ان تمام افواہوں کی تصدیق یا تردید سے گریز کیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات