پاکستانی نژاد امریکی شہری شاہد خان نے دولت کمانے کی دوڑ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

شاہد خان 8 ارب ڈالر کے ساتھ 61ویں نمبر پر جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ 3 ارب 10 کروڑ ڈالر کے ساتھ 275ویں نمبر پر ہیں، کاروباری جریدے ’فوربز‘ کا انکشاف

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 3 اکتوبر 2019 22:23

پاکستانی نژاد امریکی شہری شاہد خان نے دولت کمانے کی دوڑ میں ڈونلڈ ٹرمپ ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اکتوبر2019ء) پاکستانی نژاد امریکی شہرہ شاہد خان نے دولت کمانے کی دوڑ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ کاروباری جریدے ’فوربز‘ نے امریکہ کے امری ترین لوگوں کی فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق امریکا کی امیر ترین پہلی 10 شخصیات میں ایک بھی خاتون شامل نہیں ہیں جبکہ اس فہرست میں ان امیر افراد کو بھی شامل نہیں کیا گیا جن کی دولت کے اثاثے ایک ارب 50 کروڑ ڈالر تک یا اس سے معمولی سے زائد ہوں۔

اس فہرست میں صرف ان امیر افراد کو شامل کیا گیا ہے جن کی دولت 2 ارب ڈالر سے زائد ہے۔ اس فہرست میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپسمیت دیگر 240 امریکیوں سے بھی ایک پاکستانی نژاد ارب پتی دولت میں آگے ہے۔ شاہد خان 8 ارب ڈالر کے ساتھ 61ویں نمبر پر ہیں جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ 3 ارب 10 کروڑ ڈالر کے ساتھ 275ویں نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

جریدے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی زیادہ تر دولت ان کے ریئل اسٹیٹ کے کاروبار سے بنی جو انہوں نے اپنے والد کے ساتھ کم عمری میں سستے گھر بنانے کی ایک اسکیم کے تحت شروع کیا تھا اور اب تک نیویارک کے مہنگے ترین علاقے ’منہٹن‘ میں ان کی نصف درجن سے زائد کثیر منزلہ عمارتیں اور دیگر کاروبار ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کے امیر ترین افراد کی فہرست کے مطابق پاکستانی نژاد امریکی کارباری شخصیت شاہد خان سرفہرست ہیں۔دوسرے نمبر پر پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت، بیسٹ وے گروپ اور یو بی ایل گروپ کے مالک انور پرویز ہیں جن کی کل دولت کی مالیت 3.8 ارب ڈالرز ہے۔ تیسرے نمبر پر معروف کاروباری شخصیت میاں منشاء ہیں جو نشاط گروپ اور ایم سی بی کے مالک ہیں۔

میاں منشاء کی دولت کی کل مالیت 1.9 ارب ڈالر سے زائد ہے۔ جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری اس فہرست میں 1.8 ارب ڈالر کی دولت کے مالک ہونے کے باعث چوتھے نمبر پر ہیں۔ فہرست میں سابق وزیراعظم نواز شریف، بحریہ ٹاون کے ملک ریاض، ہاشو گروپ آف کمپنیز کے صدر ولدین ہاشوانی، شان گروپ کے ناصر شان اور آئی ٹی سیکٹر کے اشعر عزیز بھی شامل ہیں۔