محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کوچنے کی کاشت 15نومبر تک مکمل کر نے کی ہدایت

جمعہ 4 اکتوبر 2019 19:52

فیصل ۱ٓباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2019ء) : محکمہ زراعت پنجاب کی طرف سے چنے کے کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تھل کے بارانی علاقوں میں اکتوبر کے آخر اور آبپاش علاقوں میں 15نومبر تک چنے کی کاشت مکمل کر لیںجبکہ جہلم ، راولپنڈی ، گجرات اور نارووال کے اضلاع میں چنے کی کاشت کا موزوں وقت 10نومبر تک ہے ۔ محکمہ زراعت کے ترجمان کے مطابق بارانی علاقوں میں ریتلی اور نرم زمین میں پہلے سے محفوظ شدہ وتر میں زمین کی تیاری کے بغیر بوائی کی جاسکتی ہے ۔

جبکہ ریتلی میرا زمین کے علاقوں میں ایک مرتبہ ہل چلانا ضروری ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ کاشتکار دیسی چنے کی منظور شدہ اقسام میں بلکسر2000، پنجاب 2008،ونہار 2000۔ بٹل 98، بٹل 2016، نایاب سی ایچ 2016اور بھکر 2011جبکہ کابلی چنے کی منظور شدہ اقسام میں سی ایم 2008،نور 2009، نور 2013اور ٹمن 2013ہی کاشت کریںجبکہ کاشت سے پہلے بیج کو پھپھوندی کش زہر محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورے سے ضرور لگائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ دیسی و کابلی چنے کی باریک دانوں والی دونوں اقسام بھکر 2011اور سیم ایم 2008کا 30کلو گرام جبکہ موٹے دانوں والی اقسام کا 35کلو گرام صحت مند بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔ کاشت بذریعہ ڈرل یا پو ر کریں تاکہ بیج کا اُگائو اچھا ہو سکے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگر زمین میں وتر موجود ہو تو ایک بوری ڈی اے پی فی ایکڑ بوقت کاشت ڈالیں جن ریتلے بارانی علاقوں میں بوائی زمین کی تیاری کیے بغیر کی گئی ہو وہاں کھاد سیاڑوں کے ساتھ ذرل کریں۔

متعلقہ عنوان :