ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی

جمعہ 4 اکتوبر 2019 20:31

ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2019ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کے سابق رہنماء ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای) نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے برطانوی شواہد انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو انسداد دہشتگردی کی عدالت نے عمران فاروق قتل کیس کی سماعت کی جس دوران ایف آئی اے نے مقدمے میں برطانیہ کی جانب سے بھیجے گئے شواہد عدالت میں پیش کیے جسے عدالت نے نامکمل قرار دے کر ایف آئی اے کو واپس کردیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ان شواہد کو پیش کرنے والے گواہ کون ہیں گواہوں کی فہرست شواہد کا حصہ نہیں جب کہ جے آئی ٹی رپورٹ سربمہر نہیں ہے۔ عدالت نے ایف آئی اے کو 9 اکتوبر تک مکمل شواہد اور گواہوں کی فہرست پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔