ہزارہ یونیورسٹی کے بائیو انفارمیٹکس ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام کانفرنس

ہفتہ 5 اکتوبر 2019 00:04

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2019ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے بائیو انفارمیٹکس ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور حسین شاہ کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے۔ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ ملک و قوم کی پائیدار ترقی کیلئے ضروری ہے کہ انسانی صحت کے معیار کو بلند کیا جائے اور اس مقصد کے حصول کیلئے بائیو انفارمیٹکس اور بائیو سائنسز کے شعبوں کی تحقیقی سرگرمیوں میں مزید جدت لاتے ہوئے اسے بین الاقوامی سطح پر ہونے والی ریسرچ سے ہم آہنگ کیا جائے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ بائیو سائنسز، سائنس کے مختلف تحقیقی شعبوں کا احاطہ کرتا ہے اور اس موضوع پر ہونے والی تحقیق کی روشنی میں ہم انسانی صحت اور زراعت کے میدان میں پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے کانفرنس کے شرکاء سے کہا کہ یہ کانفرنس آپ کے لئے بہت فائدہ مند ثابت ہو گی، آپ ہزارہ یونیورسٹی کو اپنی یونیورسٹی سمجھیں اور خاص کر وہ شرکاء جو کراچی اور پنجاب سے آئے ہیں، ہماری یونیورسٹی میں چار فیکلٹیز ہیں اور ہر فیکلٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک عالمی اور دو قومی کانفرنسز ہر سال منعقد کرائے۔

ہزارہ یونیورسٹی میں 38 مختلف شعبہ جات ہیں اور ہر شعبہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ سال میں چار سیمینار اور ورکشاپس منعقد کروائے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ استاد ہونے کے ناطے وہ یہ سمجھتے ہیں کہ اس قسم کی کانفرنس میں علم کا تبادلہ ہوتا ہے جس سے سب سے زیادہ فائدہ طلباء کو ہوتا ہے، کانفرنس کا دوسرا فائدہ یہ ہے کہ ہم سماجی طور پر بھی ایک دوسرے سے پہچان حاصل کرتے ہیں۔

وائس چانسلر نے کہا کہ وہ ڈاکٹر فیصل نوروز کی کوششوں کو سراہتے ہیں کیونکہ اس موضوع پر انہوں نے یہ تیسری کانفرنس منعقد کی ہے۔ تین روزہ کانفرنس پانچ مختلف سیشنز پر محیط ہے جس کا اختتام (آج) ہفتہ کو ہو گا۔ کانفرنس میں جہاں بائیو انفارمیٹکس سے تعلق رکھنے والے ریسرچرز اور سکالرز شرکت کر رہے ہیں وہیں پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں اور دیگر تحقیقی اداروں کے 450 سے زائد کمپیوٹر سائنس، پلانٹ سائنسز، مالیکیولر بیالوجی، بائیو ٹیکنالوجی، جنیٹکس، بائیو کیمسٹری اور بیالوجی کی فیلڈ سے تعلق رکھنے والے پروفیسرز، ریسرچرز، سکالرز اور طلباء وطالبات شرکت کر رہے ہیں۔

اس سے قبل یونیورسٹی کے بائیو انفارمیٹکس ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ ڈاکٹر فیصل نوروز نے کانفرنس کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے اس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں ڈین فیکلٹی آف سائنسز نے شرکاء کو کانفرنس میں خوش آمدید کہا اور بائیو انفارمیٹکس کی فیلڈ اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔