ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد

ہفتہ 5 اکتوبر 2019 00:04

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2019ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور حسین شاہ اور ڈائریکٹر سی ای ایم بی پنجاب یونیورسٹی لاہور و سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے کی۔ وائس چانسلر نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر سنگین صورت اختیار کر گیا ہے اور عالمی برادری کی پراسرار خاموشی کی وجہ سے کشمیریوں پر بھارتی ظلم و بربریت حد سے تجاوز کر گئے ہیں جسے روکنے کیلئے دنیا کے دیگر ممالک کو فوری اور ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی ظلم و جبر کے خلاف ہمارا قومی سطح کا احتجاج جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سی ای ایم بی پنجاب یونیورسٹی اور سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے کہا کہ مودی نے کشمیر کو دو مہینے سے زیادہ عرصہ سے جیل بنا کر کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کیا ہوا ہے لیکن وہ یہ یاد رکھے کہ بھارت کے اندر سے مزید چار ملک بنیں گے، اب مذمتوں سے کام نہیں چلے گا بلکہ بھارت کی مرمت کی جائے گی اور انشاء الله کشمیر آزاد ہو گا۔

ڈاکٹر محمد ادریس نے مزید کہا کہ جس کسی نے بھی مسلمانوں سے ٹکر لی وہ تباہ ہوا، روس نے بھی یہی غلطی کی تھی اور اس کا جو حال ہوا تھا بھارت وہ بھی جان لے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی وقت آیا انشاء الله پاکستان کے بچے، بوڑھے جوان بھارت کو سبق سکھانے میں سب سے آگے ہوں گے۔ ریلی میں یونیورسٹی کے پروفیسرز، اساتذہ، سکالرز، طلباء و طالبات اور مختلف تعلیمی و انتظامی شعبوں کے سربراہان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔