نالج پلیٹ فارم نے تعلیمی اداروں کو جدید ترین تعلیمی ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لئے اپنے پہلے رائونڈ میں 20 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کا ہدف مکمل کر لیا

ہفتہ 5 اکتوبر 2019 16:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2019ء) نالج پلیٹ فارم نے تعلیمی اداروں کو جدید ترین تعلیمی ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لئے اپنے پہلے رائونڈ میں 20 لاکھ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کا ہدف مکمل کر لیا ہے۔ نالج پلیٹ فارم اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر جامع تعلیمی ٹیکنالوجی سلیوشن ، ویڈیو گیمز ، قومی نصاب سے متعلق تخمینہ لرننگ مینجمنٹ سسٹم ، آرٹیفیشل انٹیلیجنس ، ڈیٹا رپورٹنگ ، سکول سپورٹ اور اساتذہ کی تربیت کی سہولتیں فراہم کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز نالج پلیٹ فارم کے نمائندہ طلحہ منیر نے اے پی پی سے گفتگو ہوئے کیا۔ انہو ںنے کہا کہ نالج پلیٹ فارم کو اپنے اس مقصد کے حصول کے لئے پاکستان کے بڑے سکول سسٹم بیکن ہائوس اور لیکسن انویسٹمنٹ کیپٹل کی شراکت حاصل ہے،اس عظیم مقصد کے حصول کے لئے دیگر سرمایہ کار ادارے بھی اس گروپ میں شامل ہو رہے ہیں، تین اداروں کے ذریعے ہونے والی اس سرمایہ کاری کے ذریعے ملک بھرکے طلباء طالبات آن لائن اور موبائل فون کے ذریعے مفت تعلیم حاصل کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں طلباء و طالبات کو سستی لرننگ سمارٹ کلاس روم پراڈکٹ کے ذریعے اسباق اور اہم موضوعات تک آسانی سے رسائی حاصل ہو سکے گی۔ اس گروپ کے ذریعے تعلیمی اداروں میں فراہم کی جانے والی پراڈکٹ کے ذریعے گھر اور کلاس روم میں سیکھنے کے لئے آسانیاں پیدا ہوں گی۔ نالج پلیٹ فارم ایجوکیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ملک بھر میں 350 نجی تعلیمی ادارے استفادہ کر رہے ہیں اور سرکاری سکولوں میں بھی اس کا رحجان تیزی سے بڑھ رہا ہے اور ایک اندازے کے مطابق 2 لاکھ سے زائد طلباء اس سہولت سے مستفید ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

نالج پلیٹ فارم نے اس سہولت کو ہر طالب علم تک پہنچانے کے لئے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور جاز سے شراکت داری کے ذریعے سرکاری سکولوں میں بھی اس ٹیکنالوجی کو احسن طریقے سے متعارف کروایا ہے جس کی وجہ سے سرکاری سکولوں کے تمام مضامین میں کارکردگی 50 فیصد بہتر ہوئی ہے۔بیکن سکول سسٹم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ناصر قصوری نے اس حوالے سے بتایا کہ یہ تعلیمی ٹیکنالوجی غیر معمولی انداز میں تعلیم کا حصول بہتر اور آسان بنا رہی ہے جس سے یقینی طور پر پوری دنیا میں ہمارا تعلیمی معیاربہتر ہو گا اور ہم عالمی چیلنجز کا مقابلہ آسانی سے کر سکیں گے کیونکہ اب طلباء اور طالبات کے لئے ضروری ہو گیا ہے کہ وہ جدید ترین تعلیمی ٹیکنالوجی کو سیکھیں حالانکہ ایک دہائی قبل اس کے بارے میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔

انہوں نے کہاکہ دنیا اب ٹیکنالوجی کی طرف جا رہی ہے اور سکولوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا گیا ہے کہ مستقبل میں طلباء کے لئے کونسی مہارت بہتر ہو گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہمارا تعلیم کے شعبہ میں 45 سالہ تجربہ نالج پلیٹ فارم کے ساتھ مل کر ایجوکیشن ٹیکنالوجی کی فراہمی میں زبردست مدد گار ہو گا۔ ایل آئی وی سی کے منیجنگ پارٹنر فیصل آفتاب کا کہنا تھا کہ نالج پلیٹ فارم میں سرمایہ کاری کا وقت اس سے زیادہ بہتر نہیں ہو سکتا کیونکہ ایجوکیشن ٹیکنالوجی کو اختیار کرنے میں تیزی آ چکی ہے اور ملک میں سمارٹ فون اور موبائل فون کے صارفین میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ نالج پلیٹ فارم کی بیش قدر اعلی کوالٹی کی مدد اور فنڈنگ سے تعلیم کو زبردست فروغ حاصل ہو گا۔