سعودی عرب کی فوج میں پہلی بار خواتین کی بھرتیاں

سعودی خواتین کو فوج کے مختلف شعبوں میں سپاہی سے لے کر اونچے رینک تک عہدے دئے جائیں گے،رپورٹ

ہفتہ 5 اکتوبر 2019 16:38

سعودی عرب کی فوج میں پہلی بار خواتین کی بھرتیاں
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2019ء) سعودی وزارت دفاع نے فوج میں بھی خواتین کیلئے ملازمتوں کے دورازے کھول دیئے ۔سعودی عرب میں وژن 2030 کے تحت زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے پہلی مرتبہ دفاع کے شعبے میں خواتین کیلئے روزگار کے مواقع کا اعلان کیا ہے۔سعودی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سعودی خواتین کو فوج کے مختلف شعبوں میں سپاہی سے لے کر اونچے رینک تک عہدے دئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال سعودی عرب نے اینٹی نارکوٹکس، کرمنل انویسٹی گیشن، کسٹمز اور پریزن سسٹم جیسی پبلک سیکیورٹی سے جڑی سیکیورٹی فورسز میں خواتین کو بھرتی کرنے کی اجازت دی تھی۔یہ اقدامات سعودی والی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 پروگرام کے تحت سعودی عرب کو ایک لبرل اور آزاد خیال ریاست کے طور پر پیش کئے جانے کیلئے اٹھائے جارہے ہیں۔ریسات کی افواج میں سعودی خواتین کی بھرتیاں اس لئے بھی کی جارہی ہیں کہ یمن جنگ میں سعودی افواج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے، جبکہ فوج کا زیادہ تر انحصار کرائے کے غیر ملکی فوجیوں پر ہے۔گزشتہ ہفتے ہی تقریبا دو ہزار سعودی فوجیوں نے حوثی باغیوں کے سامنے ہتھیار ڈال دئے تھے۔ جبکہ سینکڑوں کارروائی کے دوران مارے گئے تھے۔