آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان

بلوچستان، سندھ کے تمام اضلاع جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخواہ اور جنوبی پنجاب کے اکثر اضلاع میں بادل خوب برسیں گے، سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ

muhammad ali محمد علی ہفتہ 5 اکتوبر 2019 23:42

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اکتوبر2019ء) آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان، بلوچستان، سندھ کے تمام اضلاع جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب کے اکثر اضلاع میں بادل خوب برسیں گے، سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان اور سندھ کے تمام اضلاع میں اکثر مقامات پر جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب کے اضلاع میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پرژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق سندھ کے بالائی اور زیریں اضلاع جبکہ بلوچستان کے وسطی اور جنوبی اضلاع میں موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے،بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں موسلادھار بارش کی وجہ سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخوا میں دیر، کاکول ، میرکھانی ، کالام ، بشام ، دوریش ، پاراچنار، چترال ، مالم جبہ ، پٹن، بونیر ، سیدوشریف اور بالاکوٹ کے اضلاع میں کہیں کہیں جبکہ کشمیر اور پنجاب میں قصور، خانپور، سیالکوٹ اورنارووال کے اضلاع، سندھ میں کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص کے اضلاع اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ۔

بتایا گیا ہے کہ شہر قائد کراچی میں 10 سال بعد اکتوبر کے ماہ میں بارش ہوئی ہے۔ شہر قائد اور ملک کے دیگر حصوں میں رواں ماہ کے دوران مزید بارشوں کا امکان ہے۔ اکتوبر کے ماہ میں غیر متوقع بارشوں کے باعث ملک کے کئی علاقوں میں موسم سرد ہو چکا ہے۔ جبکہ شمالی علاقوں میں بربفباری کا آغاز بھی ہو چکا ہے، جس کے بعد ان علاقوں میں باقاعدہ موسم سرما کا آغاز ہو گیا ہے۔