Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کا وزارتوں میں جلد ردوبدل کرنے کا امکان

کابینہ میں ردوبدل وزیراعلیٰ کا استحقاق ہوتا ہے، جو کام کرے گا وہی عہدے پر رہے گا، کارکردگی رپورٹ پروزراتوں میں ردوبدل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 6 اکتوبر 2019 19:16

وزیراعلیٰ پنجاب کا وزارتوں میں جلد ردوبدل کرنے کا امکان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 اکتوبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزارتوں میں ردوبدل کرنے کا امکان ظاہر کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ میں ردوبدل وزیراعلیٰ کا استحقاق ہوتا ہے، جو کام کرے گا وہی عہدے پر رہے گا، کارکردگی رپورٹ پروزراتوں میں ردوبدل کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے آج ملتان میں پارٹی ورکرز سے ملاقات کی، جس میں پارٹی کارکنان اور عوام کے مسائل حل کرنے سے متعلق موقع پر احکامات بھی جاری کیے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کی فلاح وبہبود کے کاموں اور عوامی مسائل کے حل کیلئے متحرک ہے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کابینہ کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا جاتا ہے، تمام وزراء کی کارکردگی رپورٹ بھی دیکھی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ضرورت محسوس ہوئی تو وزراتوں میں ردوبدل کیا جائے گا۔کابینہ میں ردوبدل وزیراعلیٰ کا استحقاق ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ جو کام کرے گا وہ رہے گا جو کام نہیں کرے گا وہ نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ موبائل ہیلتھ یونٹ کی خرابی پر کمشنر ساہیوال سے رپورٹ طلب کی ہے۔عثمان بزدار نے ایک سوال پر کہا کہ مارچ کرنے والے آئیں گے تودیکھ لیں گے،مولانا کے بارے بات کرنے کی ضرورت نہیں،بہت بات ہوچکی۔ مزید برآں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت میاں اسلم اقبال نے ان خیالات کا اظہار سمن آباد میں مستحق افراد میں ہیلتھ انصاف کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا - وفاقی وزیر ریونیو حماد اظہر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سابق حکمرانو ں نے اپنی سیاست بچانے کے لئے قومی معیشت تباہ کی ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا - وزیراعظم عمران خان کی معاشی ٹیم دن رات محنت کے باعث معیشت بحران سے نکل,آئی ہے اور گذشتہ ایک سال میں 10 ارب ڈالر کا قرضہ واپس کیاہے۔کرنٹ اکانٹ خسارہ میں بھی نمایاں کمی آئی ہے - بیروزگار نوجوانوں کو اپنا روزگار شروع کرنے کیلئے متعدد پروگرام کامیابی سے جاری ہیں -کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کے لئے تین لاکھ تک جبکہ ہنرمند نوجوانوں کو 30 لاکھ روپے تک بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام بھی آئندہ چند روز میں شروع کئے جارہے ہیں -یہ قرضے سیاسی وابستگی سے بالا ترہوکر صرف میرٹ کی بنیاد پر دیئے جائیں گے - سفارشی کلچر کو دفن کردیں گے -اگر ایسا نہ ہوا تو پھر تبدیلی بے مقصد ہوگی۔

صوبائی وزیر نے محکمہ صحت میں اصلاحات کے حوالے سے متعارف کرائے گئے آرڈیننس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس آرڈیننس کی مقصد عام آدمی کو ہسپتال میں معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات