ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن حیدرآباد کی طرف فیفا کی پی ایف ایف نارملائیزیشن کمیٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

نارملائیزیشن کمیٹی کے روز اول سے جاری پے در پے یکطرفہ اقدامات سے ثابت ہوچکا ہے کہ یہ اشفاق گروپ کو فائدہ پہنچارہی ہے، صدر اعظم خان

اتوار 6 اکتوبر 2019 22:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2019ء) ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن حیدرآباد کے صدر اعظم خان کی قیادت میں فیفا کی طرف سے حال ہی میں تشکیل دی جانے والی پی ایف ایف نارملائیزیشن کمیٹی کے خلاف ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں پی ایف ایف نارملائیزیشن کمیٹی کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا گیا، مظاہرین نے کمیٹی کے چیئرمین حمزہ خان اور رکن و جنرل سیکریٹری کرنل (ر) مجاہد ترین کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کیا، مظاہرین پلے کارد اور بینرز اٹھائے حمزہ خان اور مجاہد ترین کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے، اس موقع پر پتلے بھی نذر آتش کئے گئے ، مظاہرے میں کھلاڑیوں، کوچز اور ایسوسی ایشن سے منسلک تمام فٹ بال کلبز کی انتظامیہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پریس کلب پر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایسوسی ایشن اعظم خان نے کہا کہ نارملائیزیشن کمیٹی کے روز اول سے جاری پے در پے یکطرفہ اقدامات سے ثابت ہوچکا ہے کہ یہ اشفاق گروپ کو فائدہ پہنچارہی ہے، ہم اس کمیٹی کو مسترد کرتے ہیں، اس متنازعہ اور یکطرفہ کمیٹی سے فٹ بال کو مزید نقصان پہنچے گا ، انہوں نے کہا کہ فیصل صالح حیات کی قیادت میں پاکستان کی رینکنگ 168 درجے تک آگئی تھی لیکن اب 5سال سے جاری بحران کی وجہ سے یہ 206 درجے تک گرچکی جو کہ شرمناک ہے، انہوں نے فیفا سے مطالبہ کیا کہ موجودہ متنازعہ عہدیداروں کو فوری تبدیل کرکے اچھی شہرت کے حامل غیر متنازعہ افراد پر مشتمل نئی کمیٹی تشکیل دی جائے اور ملک بھر کی فٹ بال فیملی میں اس حوالے سے پائی جانے والی شدید بے چینی کا خاتمہ کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع ہوسکتا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری نارملائیزیشن کمیٹی پر ہوگی، اس موقع پر سیکریٹری ایسو سی ایشن عبدالوحید شیخ ، راشد صدیقی، ایوب قریشی، ذاکر دیسوالی، فہیم قریشی ، محمد دانش، محسن شیرازی، نیاز قریشی، انیس احمد اور دیگر عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔