چناری،پولیس کو چکمہ دے کر ایل او سی چکوٹھی کی طرف بڑھنے والے نوجوان کو پولیس نے گرفتار کر لیا

اتوار 6 اکتوبر 2019 22:35

-چناری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اکتوبر2019ء) پولیس کو چکمہ دے کر ایل او سی چکوٹھی کی طرف دریائے جہلم کے کنارے سے بڑھنے والے کوٹلی کے نوجوان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے قافلہ کو پولیس اور انتظامیہ نے چناری اور چکوٹھی کے درمیان جسکول کے مقام پر روک دیا جس کے بعد خواتین ،بچوں ،بزرگوں سمیت ہزاروں افراد نے شاہراہ سرینگر پر دھر نا شروع کر دیا انتظامیہ اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کی قیادت کے درمیان مذاکرات ناکام ہو گئے مظاہرین کا کہنا تھا انھیں اپنے بھائیوں کی مدد کے لیے لائن آف کنٹرول کراس کر کے سرینگر جانے دیا جائے جبکہ انتظامیہ کا موقف تھا کہ اگر مظاہرین کو کنٹرول لائن کی طرف جانے کی اجازت دی تو بھارتی فوج فائرنگ کر سکتی ہے اسی دوران کوٹلی آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان زین العابدین ولد محمد اشرف ساکنہ نمب،تحصیل چڑہوئی ضلع کوٹلی نے پولیس کو چکمہ دیا اور وہ دریائے جہلم کے کنارے سے لائن آف کنٹرول کی طرف بڑھنا شروع ہوا تو آزاد کشمیر پولیس نے نوجوان کو کوٹلہ پل کے قریب سے گرفتار کر لیا آخری اطلاعات کے موصول ہونے تک جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کا شاہراہ سرینگر پر احتجاجی دھرنا جاری ہے ۔