اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکرٹیریٹ کے زیر اہتمام ماہرین کی سطح کی دو روزہ ورکشاپ 7 اور 8 اکتوبر کو جدہ میں ہوگی ‘ مسلم ممالک کے ثقافتی ورثہ کے تحفظ کے لئے پلیٹ فارم کے قیام کے مواقع تلاش کئے جائیں گے

اتوار 6 اکتوبر 2019 22:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2019ء) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے جنرل سیکرٹیریٹ کے زیر اہتمام ماہرین کی سطح کی دو روزہ ورکشاپ 7 اور 8 اکتوبر کو جدہ میں او آئی سی کے صدر دفتر میں منعقد ہوگی جس میں مسلم ممالک کے ثقافتی ورثہ کے تحفظ کے لئے پلیٹ فارم کے قیام کے مواقع تلاش کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اتوار کو یہاں موصولہ ایک پریس ریلیز کے مطابق ورکشاپ میں مسلم امہ کے ثقافتی ورثہ کو اجاگر کرنے اور اسے محفوظ بنانے اور اس مقصد کے لئے مالی وسائل کے حصول سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا تاکہ ایک پلیٹ فارم تشکیل دیا جا سکے۔

او آئی سی کے رکن ممالک سے ماہرین، او آئی سی سے متعلقہ ادارے، بین الاقوامی شراکت دار اور ثقافتی ورثہ کے تحفظ اور اسے محفوظ بنانے کے شعبہ سے تعلق رکھنے والی بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے اس ورکشاپ میں شرکت کریں گے۔ یہ ورکشاپ مئی میں مکة المکرمہ میں منعقد ہونے والے 14 ویںاسلامی سربراہ اجلاس کی سفارشات پر عملدرآمد کا ایک حصہ ہے جس میں او آئی سی سے پر زور دیا گیا تھا کہ او آئی سی مشترکہ اسلامی اقدار روایات اور ثقافت کو اجاگر کرنے اور اسے محفوظ بنانے کے لئے ہر ممکن کوششیں بروئے کار لائے۔

متعلقہ عنوان :