مولاناکو مذہب کارڈ استعمال کرنے نہیں دیں گے، شوکت یوسفزئی

ڈاکٹرز سیاست کر رہے ہیں، ان کا کوئی حقیقی مطالبہ نہیں،صوبائی وزیر اطلاعات

پیر 7 اکتوبر 2019 14:25

مولاناکو مذہب کارڈ استعمال کرنے نہیں دیں گے، شوکت یوسفزئی
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمان کو احتجاج کے لیے مذہب کارڈ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، ڈاکٹر سیاست کر رہے ہیں، ان کا کوئی حقیقی مطالبہ نہیں، سارے مطالبات جعلی ہیں ان کے احتجاج کے پیچھے سیاست ہے۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ لوگ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ نہیں نکلیں گے کیونکہ ان کے مارچ کا کوئی مقصد نہیں ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سیاسی طور پر احتجاج کرنا چاہیں تو بے شک کریں لیکن بچوں کو سڑکوں پر لانے کی کوشش کی گئی تو سختی سے روکیں گے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان مدرسوں کے بچوں کو ڈھال بنا کر نکلنا چاہتے ہیں، اس کی اجازت نہیں دیں گے، انہیں مذہب کارڈ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کے دھرنے کو مولانا فضل الرحمان سے منسوب نہیں کیا جا سکتا کیونکہ منہاج القران کے لوگوں کو مارا گیا، اس وجہ سے وہ نکلے۔

کے پی کے میں ڈاکٹروں کے احتجاج کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ڈاکٹر سیاست کر رہے ہیں، ان کے احتجاج کے پیچھے سیاست ہے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ڈاکٹروں کا کوئی حقیقی مطالبہ نہیں ہے، ان کے سارے مطالبات جعلی ہیں۔