مواخذے کی تحقیقات: دوسرے مخبر کی ٹرمپ کے خلاف اہم معلومات دینے کی پیشکش

اٹارنی مارک زید نے بھی دوسرے مخبر کی تصدیق کر دی

پیر 7 اکتوبر 2019 20:47

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اکتوبر2019ء) امریکی صدر کے خلاف مواخذے کی تحقیقات میں سانے آنے والے دوسرے مخبر نے ڈونلڈ ٹرمپ اہم معلومات دینے کی پیشکش کی ہے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے ’کی‘ رپورٹ کے مطابق اٹارنی مارک زید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ ’ میں ہماری قانونی ٹیم کی جانب سے پیش کیے جانے والے دوسرے مخبر کی تصدیق کرسکتا ہوں‘۔

اٹارنی نے مزید دعویٰ کیا کہ ’مخبر نے قانون کے تحت مزید انکشاف بھی کیا اور اس کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی جاسکتی، اس مخبر کے پاس ابتدائی اہم نوعیت کی معلومات موجود ہیں‘۔قبل ازیں گزشتہ روز مارک زید کے ساتھی وکیل اینڈریو بکاج نے کہا تھا کہ ان کی کمپنی اور ٹیم صدر ٹرمپ کے خلاف فون کال کے ذریعے یوکرین کے صدر کو سیاسی مخالف جوئے بیڈن اور ان کے بیٹے ہنٹر کے خلاف تحقیقات پر مجبور کرنے کے الزام سے متعلق مختلف مخبروں کی نمائندگی کررہی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم یہ واضح نہیں کہ اینڈریو بکاج نے مختلف کا لفظ 2 سے زائد مخبروں کی جانب اشارے کرنے کے لیے استعمال کیا ہے یا نہیں۔عام طور کئی عہدیداران کو صدر اور غیر ملکی سربراہ کے درمیان کال پر ہونے والی گفتگو سنتے ہیں جبکہ دیگر کو تحریری مسودے تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔اہم معلومات رکھنے والے مخبر کی موجودگی صدر ٹرمپ اور ان کے حامیوں کے لیے مذکورہ شکایت کو سنی سنائی بات کے طور پر مسترد کرنا مشکل بنادے گی جیسا وہ کئی بار کرچکے ہیں۔

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹس میں خود پر عائد الزامات کو مسترد کیا تھھا تاہم انہوں نے دوسرے مخبر کی موجودگی سے متعلق کچھ نہیں کہا تھا۔انہوں نے اپنے بیان کو دہرایا تھا کہ ہنٹر بیڈن نے یوکرائن کی کمپنی سے ماہانہ بنیادوں پر ایک لاکھ ڈالر وصول کیے تھے جبکہ ان کے پاس توانائی کے شعبے میں کوئی تجربہ نہیں تھا، علاوہ ازیں ہنٹر بیڈن نے کسی تجربہ اور ظاہری وجہ نہ ہونے کے باوجود چین سے ڈیڑھ ارب ڈالر وصول کیے تھے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’ صدر ہونے کی حیثیت سے مجھ پر کسی ممکنہ کرپشن کی تحقیقات کروانا لازم ہے‘۔دیگر رپورٹس کے مطابق ہنٹر بیڈن کو یوکرینی گیس کمپنی کے بورڈ کا رکن ہونے کی حیثیت سے ماہانہ 50 ہزار ڈالر دیے جاتے تھے۔اس حوالے سے تاحال کوئی شواہد موجود نہیں کہ ہنٹر بیڈن نے کوئی غیرقانونی کام کیا تھا۔