کاروباری ہفتے کا پہلا روز ملکی معیشت کیلئے شاندار ثابت ہوا

کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 12 پیسے تک کی کمی، جبکہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 600 سے زائد پوائنٹس کا زبردست اضافہ ہوا، کاروباری حجم ایک سال کی بلند ترین سطح 39 کروڑ شئیرز رہا

muhammad ali محمد علی پیر 7 اکتوبر 2019 20:28

کاروباری ہفتے کا پہلا روز ملکی معیشت کیلئے شاندار ثابت ہوا
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7 اکتوبر2019ء) کاروباری ہفتے کا پہلا روز ملکی معیشت کیلئے شاندار ثابت ہوا، کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 12 پیسے تک کی کمی، جبکہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 600 سے زائد پوائنٹس کا زبردست اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق آج کاروباری ہفتے کا آغاز ملکی معیشت کیلئے زبردست ثابت ہوا۔ گزشتہ ہفتے ملک کی معروف کاروباری شخصیات نے آرمی چیف اور وزیراعظم سے خصوصی ملاقاتیں کی تھیں۔

ان ملاقاتوں کا مثبت اثر آج پیر کے روز دیکھنے کو ملا۔ ایک جانب پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی تو دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ پیر کے روز اوپن مارکیٹ اور انٹر بینک دونوں میں مارکیٹوں میں امریکی ڈالر روپے کے مقابلے میں سستا ہو گیا۔

(جاری ہے)

انٹر بینک میں ڈالر روپے کے مقابلے میں 12 پیسے سستا ہوا جس کے بعد ایک امریکی کرنسی کی قیمت روپے کے مقابلے میں 156 روپے 41 پیسے ہو گئی۔

دوسری طرف انٹر بینک کی طرح اوپن مارکیٹ میں 10 پیسے کی کمی کے بعد روپے کے مقابلے میں ایک امریکی کرنسی 156 روپے 80 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی۔ کاروباری ہفتے کا پہلا روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ کیلئے بھی زبردست ثابت ہوا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران مسلسل ساتویں سیشنز میں بھی زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ کاروباری ہفتے کے پہلے روز 8 پوائنٹس، دوسرے روز 175.47، تیسرے روز 109.03، چوتھے روز 389 جبکہ پانچویں روز 281 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی تھی۔

گزشتہ ہفتے شاندار بزنس کے بعد مسلسل چھ سیشنز کے دوران مارکیٹ کا 100 انڈیکس 1600 پوائنٹس بڑھا تھا، اور اس کا تسلسل آج بھی برقرار رہا۔ پیر کو کاروبار کے اختتام پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 603 پوائنٹس بڑھ گیا۔ کاروبار کے دوران ایک موقع پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا انڈیکس 33850.96 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا، تاہم اس دوران تیزی معمولی مندی میں آئی اور انڈیکس 32947.22 پوائنٹس پر آ گیا۔

تاہم بعد ازاں سرمایہ کار ایک مرتبہ پھر متحرک نظر آئے اور ٹریڈنگ کے دوران شیئرز کی خریدو فروخت دیکھنے میں آئی۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس کاروبار کے اختتام پر 603 پوائنٹس بڑھ کر 33 ہزار 636 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ تیزی کے باعث مارکیٹ کی 6 نفسیاتی حدیں 33100. 33200. 33300، 33400، 33500، 33600 بحال ہوئیں۔ جبکہ کاروباری حجم ایک سال کی بلند ترین سطح 39 کروڑ شئیرز رہا۔ تیزی کے باعث پورے کاروباری روز 1.79 فیصد بہتری دیکھی گئی۔ ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا یہ رجحان مزید کئی روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔