آر ایچ سی بڈ بھین کی مرمتی، بحالی اور تزئین و آرائش کیلئے بھاری فنڈ سے کام کا آغاز کر دیا گیا

پیر 7 اکتوبر 2019 23:36

حویلیاں۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2019ء) حویلیاں کی یونین کونسلوں دیوال منال اور ناڑہ کے ہزاروں عوام کیلئے بنائی جانے والی آر ایچ سی بڈ بھین کی مرمتی، بحالی اور تزئین و آرائش کیلئے بھاری فنڈ سے کام کا آغاز کر دیا گیا۔ افتتاح مسلم لیگ (ن) کے صوبائی پارلیمانی لیڈر اورنگزیب نلوٹھہ نے کیا۔ اس موقع پر تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ علاقہ کی سماجی و مذہبی شخصیات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

1987ء میں قائد تحریک صوبہ ہزارہ بابا حیدر زمان کے توسط سے تعمیر ہونے والی ہسپتال کے اندر جہاں ڈاکٹرز، ٹیکنیشن اور دیگر سٹاف کی کمی محسوس کی جا رہی ہے وہیں پر وقت کے ساتھ ساتھ ہسپتال کا رنگ روغن، کھڑکیاں، دروازے اور پلستر اکھڑنے سے رہائشی عمارتیں اور ہسپتال بھوت بنگلے کا منظر پیش کرنے لگی تھی جس کی از سر نو تزئین و آرائش اور مرمتی کیلئے سردار مشتاق خان نے بھاری فنڈ جاری کر کے دو یونین کونسلوں کے ہزاروں عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا تاہم سٹاف کی کمی اب بھی شدت سے محسوس کی جا رہی ہے۔ پروقار افتتاحی تقریب سے ایم پی اے اورنگزیب نلوٹھہ، سابق ضلع ممبر سردار مشتاق خان، سابق تحصیل ناظم حویلیاں ارسل پرویز، ڈی ایچ او منہاج الحق و دیگر نے بھی خطاب کیا۔