عمراکمل نے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں زیادہ بار صفر پر آﺅٹ ہونیکا منفی قومی ریکارڈ بنا ڈالا

بڑے بھائی کامران اکمل کا ریکارڈ توڑا، اب تک26مرتبہ صفر کی خفت سے دوچار ہوچکے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 8 اکتوبر 2019 15:53

عمراکمل نے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں زیادہ بار صفر پر آﺅٹ ہونیکا منفی قومی ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8اکتوبر2019ء) قومی ٹیم میں تین سال بعد واپسی کرنے والے بلے باز عمر اکمل نے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں زیادہ بار صفر پر آﺅٹ ہونیکا قومی ریکارڈاپنے نام کرلیا ۔قذافی سٹیڈیم میں سر ی لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں عمر اکمل نے ایک بار پھر اپنے مداحوں کو مایوس کیا اور پہلی ہی گیند پر ڈی سلوا کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوکر پوویلین لوٹ گئے،یہ عمر اکمل کے ٹونٹی ٹونٹی کیریئر میں26واں موقع تھا جب وہ صفر کی خفت سے دوچار ہوئے جس کے ساتھ ہی انہوں نے ملکی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ،اس سے قبل یہ منفی ریکارڈ عمر اکمل کے بڑے بھائی کامران اکمل کے پاس ہی تھا جو اب تک 25مرتبہ بغیر کوئی سکور بنائے آﺅ ٹ ہوئے ہیں ، فاسٹ باﺅلر سہیل تنویر اور سابق کپتان شاہد آفریدی 22،22 مرتبہ صفر پر آﺅٹ ہوچکے ہیں ،سابق کپتان محمد حفیظ19مرتبہ صفر کی خفت سے دوچا ر ہوئے،اوپنر احمد شہزاد16مرتبہ اپنے نام کے آگے انڈہ درج کروا کر پوویلین لوٹے،خرم منظور بھی14مرتبہ صفر پر آﺅٹ ہوچکے ہیں ،عماد وسیم اور یاسر عرفات13،13مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹے،فاسٹ باﺅلر ز عمر گل ،محمد سمیع اور وہاب ریاض 12،12مرتبہ صفر کی خفت سے دوچار ہوئے،سابق آ ل راﺅنڈر اظہر محمود11مرتبہ صفر کی خفت سے دوچا ر ہوئے،آصف علی اور شعیب ملک بھی10،10مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹ چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

سابق ویسٹ انڈین بلے با زڈیون سمتھ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ 28مرتبہ صفر پر آﺅٹ ہوچکے ہیں۔29سالہ عمر اکمل اب تک255ٹونٹی ٹونٹی میچز میں29.03کی اوسط سے5430رنز سکور کیے ہیں جن میں ایک سنچری اور32نصف سنچریاں شامل ہیں ، انہوں نے یہ رنز 130.74کے سٹرائیک ریٹ سے سکور کیے ہیں ۔